محرم الحرام کاچاند کب دکھائی دینے کا امکان ہے؟محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

کراچی (پی این آئی) ہجری سال ختم ہونے میں چند روز باقی، محرم الحرام کے چاند کی رویت کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی، یوم عاشور کی تعطیل کی ممکنہ تاریخ بتا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے محرم الحرام کا چاند 9اگست 2021 کو نظر آنے کی پیشگوئی کردی ہے، جس کے تحت یوم عاشور 19 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے محرم کے چاند کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم 1443 ہجری کے چاندکی پیدائش 8اگست 2021 کو 6بجکر 51 منٹ پر ہوگی ، جس کے بعد محرم کاچاند 9اگست کو نظر آنے کے قومی امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 9 اگست کو ملک کے بیشترحصوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم کئی علاقوں میں چاند نظر آ جائے گا۔ خیال رہے نئے اسلامی سال کا آغازمحرم الحرام سے ہوتا ہے، اس دوران ملک بھر میں شہدا کربلا کی یاد میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جاتے ہیں ۔رواں سال بھی امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل دی جاتی ہے، جو رواں سال 19 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close