شہباز شریف کی جانب سے کونسا مشترکہ دوست دس ارب روپے کی رشوت کی پیشکش لے کر آیا؟ وزیراعظم نام منظر عام پر لے آئے

اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے بالآخر شہباز شریف کی طرف سے 10ارب روپے رشوت کی پیشکش لے کر آنے والے مشترکہ دوست کا نام ظاہر کر دیا۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف پانامہ کیس جب سپریم کورٹ میں زیرسماعت تھا، اس وقت عمران خان کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہیں شہباز شریف کی طرف سے کیس واپس لینے کے لیے 10ارب روپے کی رشوت کی پیشکش کی گئی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ پیشکش ان کے اور شہباز شریف کے ایک مشترکہ دوست نے کی تاہم آج تک انہوں نے اس مشترکہ دوست کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔ اس دعوے پر شہباز شریف نے ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا تھا، جس کی سماعت لاہور سیشنز کورٹ میں ہو رہی ہے۔ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے تحریری جواب داخل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس مشترکہ دوست کا نام عمر فاروق ہے۔ واضح رہے کہ ہتک عزت کا یہ مقدمہ چار سال سے جاری ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کی قانونی ٹیم 50سے زائد بار عدالتی کارروائی منسوخ کروا کر نئی تاریخ لے چکی ہے۔مقدمے کی اگلی سماعت 4اگست کو ہو گی۔

close