پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد کی بنیادوں پر قائم ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی(آئی این پی ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان اور مسلح افواج کی مدد پر سعودی عرب کا شکریہ اد ا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد کی بنیادوں پر قائم ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور، افغان امن عمل، خطے میں امن و امان کی صورت حال اور امن کے قیام کے لئے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان اور مسلح افواج کی مدد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد کی بنیادوں پر قائم ہیں، دونوں اقوام امن و استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ملاقات کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کوسراہا اور امن کے لئے پاکستان کے مخلصانہ کردار کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے، انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں