نواز شریف نے افغان مشیر کیساتھ ملاقات کس کی خواہش پر کی؟ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حقیقت بتاد ی

اسلام آباد(پی این آئی) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے گزشتہ دنوں افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حمد اللہ محب کے ساتھ ملاقات کی، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ حال ہی میں حمد اللہ محب نے پاکستان کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کی تھی۔ اس حوالے سے اب سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے انکشاف کر دیا ہے کہ میاں نواز شریف نے یہ ملاقات افغان صدر اشرف غنی کی درخواست پر کی تھی۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ”افغان صدر کی طرف سے نواز شریف کو اس ملاقات کا دعوت نامہ 5ماہ قبل آیا تھا۔ ملاقات طے ہونے کے بعد حمد اللہ محب کی طرف سے متنازع بیان سامنے آیا جس کی پاکستان نے مذمت کی اور یہ بہت اچھا ہوا کہ پورے پاکستان نے اس کی مذمت کی۔“شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ”تعلقات دو ملکوں کے درمیان ہیں، دو شخصیات کے درمیان نہیں ہیں۔ افغان وفد ایک سابق وزیراعظم سے ملنے آیا تھا اور یہاں تک کہ اگر کوئی آپ کا دشمن ہو اور آپ کے دروازے پر آتا ہے تو آپ اس سے ملتے ہیں، جبکہ افغانستان ہمارا دوست ہے۔ حمد اللہ محب ایک وفد کا حصہ تھے جو سفارتخانے کے عہدیداروں اور وزراءپر مشتمل تھا۔اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس ملاقات سے نواز شریف پاک افغان تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں اور مجھے امید ہے کہ ان میں بہتری آئے گی۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں