لاہور (پی این آئی) پاکستان نے دنیا کا جدید ترین جنگی طیارہ حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان اپنی فضائی دفاعی صلاحیت میں اضافے کیلئے سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان اپنے برادر دوست ملک چین سے جدید جے 10 سی جنگی طیارے حاصل کرے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے چین سے کل 36 جے 10 سی جنگی طیارے حاصل کیے جائیں گے، اس حوالے سے پاکستان اور چینی حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے۔دونوں ممالک کے حکام طیاروں کی فراہم کے حوالے سے گزشتہ سال سے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ حالیہ فضائی مشقوں کے دوران پاکستانی پائلٹس جے 10 سی آپریٹ کرنے کا تجربہ بھی حاصل کر چکے۔پاکستان اور چین کی شاہین 9 نامی فضائی مشقوں میں چینی فضائیہ کے دستے نے خصوصی شرکت کی تھی، چین کے جدید جے 10 سی اور جے 11 بی جنگی طیاروں نے ان مشقوں میں شرکت کی تھی، جبکہ پاکستانی پائلٹس نے ان دونوں چینی جنگی طیاروں کو آپریٹ کرنے کا تجربہ حاصل کر لیا تھا۔دفاعی ماہرین کے مطابق چینی جے 10 سی جنگی طیارہ بھارت کی جانب سے حاصل کردہ رافیل کی ٹکر کا جنگی طیارہ ہے، اس طیارے کے حصول کے بعد پاک فضائیہ کی بھارتی فضائیہ پر برتری مزید واضح ہو جائے گی۔ یہاں واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ پاکستان کی جانب سے دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ جنگی طیاروں کی خریداری کا امکان ہے۔ اس حوالے سے سینئر صحافی و تجزیہ کار صابر شاکر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ایک غیر ملکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور چین ایک نیا دفاعی معاہدہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔اس حوالے سے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کی جانب سے چین کا تیار کردہ جدید ترین جے 10 سی اسٹیلتھ جنگی طیارے خریدے جا سکتے ہیں۔ ان طیاروں کیساتھ پاکستان فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے تباہ کن میزائل بھی خریدے جا سکتے ہیں۔ غیر ملکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان اگر یہ دفاعی معاہدہ ہو گیا تو اس صورت میں بھارت کو رافیل جنگی طیاروں کی خریداری کی وجہ سے حاصل ہونے والا ایڈوانٹج ختم ہو جائے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ جے 10 سی چوتھی جنریشن کے اسٹیلتھ طیارے ہیں جو چین کی جانب سے تیار کردہ جدید ترین جنگی طیارہ ہے۔ دفاعی معاہدہ ہونے کی صورت میں پاکستان پہلی مرتبہ کسی اسٹیلتھ جنگی طیارے کی خریداری کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں