’عزت مآب کمشنر صاحب کا جرمن شیفرڈ کتا گم ہو گیا‘ سرکاری گاڑیوں پر سارا عملہ کتنے کی تلاش میں لگ گیا

گوجرانوالہ(پی این آئی)صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے کمشنر کا پالتو کتا سرکاری رہائش گاہ سے گم ہونے کے بعد میونسپل کارپوریشن کے عملے کو تلاش کا کام سونپا گیا ہے۔میونسپل کارپوریشن کے عملے نے رکشے پر لاؤڈ سپیکر لگا کر اعلانات کیے۔اعلان میں کہا گیا ہے کہ ’عزت ماب کمشنر صاحب کا جرمن شیفرڈ کتا سرکاری رہائش گاہ سے گم ہو گیا ہے، یہ کتا جس کسی کو ملے وہ فوری طور پر کمشنر آفس پہنچا دے۔ اگر ہماری کارروائی کے دوران یہ کتا کسی سے ملا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘ کمشنر گوجرانولہ کے پرسنل سٹاف آفیسر ندیم بٹ نےتصدیق کی ہے ان کا کتا گم ہوا ہے۔’ہمیں افسوس ہے کہ جس طرح سے میڈیا نے یہ خبر چلائی ہے اور بات کا بتنگڑ بنایا ہے۔ کمشنر صاحب بھی انسان ہیں وہ بھی پالتو کتا رکھ سکتے ہیں کمشنر بننے سے ان کا انسان ہونا متاثر نہیں ہو سکتا۔‘انہوں نے مزید کہا کہ کالونی میں اعلان اس لیے کروائے گئے تاکہ اگر کسی نے کتا چوری کرتے کسی کو دیکھا ہو یا کسی کے علم میں تو وہ بتا سکے۔ ندیم بٹ کے مطابق ’کتا کمشنر صاحب کی سرکاری رہائش گاہ سے آج صبح لا پتا ہوا۔‘ تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ کتا چوری کیا گیا یا کسی دوسری وجہ سے گم ہوا۔انہوں نے میڈیا کی خبروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ رکشے میں سپیکر رکھ کر کالونی میں اعلان کروائے گئے۔ ان خبروں سے کمشنر صاحب دکھی ہوئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close