تیاری کر لیں، سعودی عرب جانے کے منتظر پاکستانیوں کیلئے خوشخبری آگئی

اسلام آباد(پی این آئی)سعودی عرب جانے کے خواہشمند پاکستانی تیاری کر لیں، سعودی وزیر خارجہ کا پاکستان پر سفری پابندیوں سے متعلق اہم بیان سامنے آ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان پر سفری پابندیوں میں نرمی پر کام کررہے ہیں، بہت جلد اس حوالے سے سعودی عرب کے فیصلے سے پاکستان کو آگاہ کریں گے۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود پاکستان کے دورے پر ہیں، وہ اس دوران وزارتِ خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا خیر مقدم کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے۔بعدازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی اور کہا کہ سعودی شہزادے کا خیر مقدم کرتے ہیں، سعودی عرب سے دوطرفہ تعلقات پر بہت مطمئن ہیں، پاک سعودیہ معاشی تعلقات میں بہتری آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں سعودی کونسل کے قیام پر بات ہوئی، اس کونسل کے قیام سے دوطرفہ معاملات پرغور کرنے میں آسانی ہوگی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ سعودی وزیرخارجہ سے کشمیر اور افغانستان کے معاملے پر بات ہوئی۔ان کا کہنا تھاکہ مسئلہ کشمیر پر سعودی مؤقف قابل ستائش ہے، جموں و کشمیر پر سعودی عرب نے مشاورتی گروپ قائم کیا، دونوں ملکوں کے درمیان ماحولیات کے شعبے میں باہمی تعاون کا آغاز ہوا ہے۔پریس کانفرنس میں سعودی وزیرخارجہ نے وزیراعظم کی ماحولیات کی پالیسی کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ گفتگو میں مرکزی نکتہ معاشی تعاون کا فروغ تھا، سفری پابندیوں میں نرمی کیلئے کام کررہے ہیں۔دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں یکساں مذہبی ، ثقافتی اوربرادرانہ مراسم ہیں ، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ، امید ہے سعودی عرب پاکستانیوں کی ویزہ پابندیوں پر نظر ثانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی عرب کے لیے والہانہ عقیدت ہے، سعودی عرب کی خوشحالی اور تعمیر و ترقی کو اپنی ترقی سے تعبیر کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب کا موقف قابل ستائش ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close