آزاد کشمیر کا وہ حلقہ جہاں چار پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا

مظفرآباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے باغ کے حلقہ ایل اے16 کے چار پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کا حکم دے دیا، 29 جولائی کو چاروں پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ ہوگی، چاروں پولنگ اسٹیشنز پرکل ووٹرز کی تعداد 2380 ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر میں باغ کے حلقہ ایل اے16کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا ہے، الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز نمبر 42،134،135،136 پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے۔29 جولائی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک چاروں پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ ہوگی۔ چاروں پولنگ اسٹیشنز پر کل ووٹرز کی تعداد 2 ہزار 380 ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز 26 جولائی کو چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر عبد الرشید سلہریا نے آزاد کشمیرکے 44 حلقوں کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ تحریک انصاف نے 25، پیپلز پارٹی 11اور مسلم لیگ (ن) نے چھ نشستیں حاصل کیں ،آزاد جموں و کشمیر کے ایک حلقے ایل اے 16 کے 4 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہوگی، کسی بھی حلقے کے رزلٹ نہیں روکے گئے ، آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں ٹرن آئوٹ 62 فیصد رہا ۔چیف الیکشن کمشنر آزادجموں و کشمیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 45 حلقوں میں ہونے والے انتخابات میں سے 44 کے رزلٹ آ چکے ہیں ،پی ٹی آئی نے 25 ،پاکستان پیپلزپارٹی نے 11،مسلم لیگ ن نے 6 ،مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے ،آزادجموں و کشمیر کے ایک حلقے ایل اے 16 کے 4 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہو گی ۔انہوںنے کہاکہ آزادجموں و کشمیر کے انتخابات میں ٹرن آئوٹ 62 فیصد رہا ،الیکشن کے انعقاد میں میڈیا بالخصوص محکمہ اطلاعات کا تعاون مثالی رہا ،محکمہ اطلاعات کے مثالی تعاون پر اسکے شکر گزار ہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے اور شفاف الیکشن کے انعقاد میں پاک فوج ، سول آرمڈ فورسز، انتظامیہ اور عدلیہ نے بھرپور کردار ادا کیا ، دھاندلی کی ایک بھی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی ،کسی بھی حلقے کے رزلٹ نہیں روکے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close