نورمقدم قتل کیس، ملزم جعفر کیلئے سزائے موت؟ وفاقی وزیر نے بھی واضح اور دوٹوک موقف دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی)میری خواہش ہے قاتل کو موقع پر سزائے موت ہو‘، سابق سفیر کی بیٹی کے قتل میں ملوث ملزم کے بیرون ملک جانے کے دروازے بند، وزیر داخلہ شیخ رشید نے نور مقدم کیس کے ملزم کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نور مقدم کیس کے ملزم کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھاکہ نور مقدم کیس کے تمام ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈال رہے ہیں جبکہ ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے سمری کابینہ کو اسی ہفتے بھیجیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اور میری خواہش ہے قاتل کو موقع پر سزائے موت ہو۔واضح رہے کہ سابق سفیر کی بیٹی کے قتل میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔پولیس نے ملزم جعفر کا موبائل فون برآمد کر لیا ہے۔ ملزم کا نور مقدم سے پہلے بھی متعدد خواتین پر تشدد اور قاتلانہ حملوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سفیر کی بیٹی کے قتل میں ملوث ملزم جعفر علی کا موبائل فون برآمد کر لیا گیا ہے۔پولیس نے موبائل فون کی فرانزک رپورٹ بھی حاصل کر لی ہے۔ موبائل فون کے ریکارڈ سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم اس سے قبل بھی خواتین پر تشدد کے واقعات میں ملوث رہ چکے ہیں۔علاوہ ازیں پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ملزم جعفر خواتین پر تشدد کے علاوہ قاتلانہ حملوں میں بھی ملوث رہ چکا ہے۔ پولیس ملزم کے موبائل فون سے مزید ریکارڈ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف زیادہ سے زیادہ ثبوت اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور اِس حوالے سے ملزم جعفر سے بھی تفتیشی کی جا رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کا موبائل فون تفتیش کے دوران ملزم کی نشاندہی کے بعد برآمد کیا جا سکا۔واضح رہے کہ نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کے جسمانی ریمانڈ میں دو دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کی تکمیل کے بعد آج ملزم کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کیا گیا اور دلائل سننے کے بعد مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے ظاہر ذاکر جعفر کے ریمانڈ میں مزید دو دن کی توسیع دے دی اور ہدایت دی کہ ملزم کو 28 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ملزم ظاہر ذاکر جعفر کو سخت سکیورٹی میں عدالت کے احاطے میں لایا گیا ، ملزم کی پیشی کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث کمرہ عدالت میں اندھیرا چھایا رہا۔ موبائل کی روشنی میں ہونے والی سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ساجد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ مقتولہ نور مقدم کا پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ہے جبکہ اس کے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، موبائل فون برآمد کرنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close