نواز شریف اینٹی سٹیٹ،آرمی اور عمران خان باتیں نہ کریں، شیخ رشید احمد

اسلام آ باد (آئی این پی ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگرنواز شریف پاکستان آ نا چاہیں تو چارٹرڈ جہاز دے سکتے ہیں،وہ اینٹی سٹیٹ،آرمی اور عمران خان باتیں نہ کریں،جب تک یہ اپنی سیاست سے اینٹی سٹیٹ عنصر نہیں نکالیں گے انکا سیاست میں کوئی مستقبل نہیں ،جو کارڈمشکوک ہوں گے انکو میسج بھیج د یں گے،وہ انٹرنیٹ کے ذریعے جواب بھیجیں گے ،ویزہ کے بغیر رہائش پذیر غیر ملکیوں کوپیغام ہے وہ 14اگست تک تجدید کرالیں،،عمران خان کو اللہ نے تاریخی کامیابی دی ہے ،کشمیر میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے،ایف آئی اے میں 1100نشستوں کے لئے 12لاکھ درخواستیں آئیں، پاکستان کے خلاف انڈیا اسرائیل نے ہائبرڈ وار شروع کر رکھی ہے سات سالوں میں جعلی کارڈبنے،ان سے پیسے لیکرکارڈبنانے والوں کو نکالیں گے،خواہش ہے کہ چین کے نظام کی یہاں پر کاپی ہو،قاتل اور کرپٹ کوموقع پر سزا ہو،میں زمینی وزیرداخلہ ہوں،خلائی نہیں، منشیات کے خلاف 14اگست کے بعد جہاد کرنے جا رہا ہوں ۔ پیر کو وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں تنہا حکومت بنائے گی پیپلز پارٹی نے پیسہ خرچ کرکے تین سیٹوں کا اضافہ کیا۔ اگلے الیکشن میں پوری کوشش ہے سندھ میں بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہو۔ کشمیر انتخابات میں بیس ہزار سول آرمڈ فورسز الیکشن کمیشن کو فراہم کیں۔ فوج کے بھی سولہ ہزار اہلکاروں نے الیکشن کے دوران ڈیوٹی دی۔ پنجاب میں ہونے والے انتخابات میں رینجرز کو نہیں استعمال کیا پولیس نے پنجاب میں اچھا کام کیا۔ بہتر کارکردگی کا سہرا پولیس کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے اینٹی ملٹری ‘ اینٹی اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان۔ اس میں یہ کسی بھی انتہا تک جانے کو تیار ہیں۔ مودی کے ساتھ پگڑیاں بدلنے والوں کی کوشش ہے کہ پاکستان فیٹف میں ہی پھنسا رہے۔ عمران خان معیشت مستحکم کررہا ہے اسی بات کی ان کو تکلیف ہے۔ نواز شریف پاکستان آنا چاہیں تو ہم ان کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ان کو چارٹرڈ طیارہ فراہم کیا جائے گا وہ پاکستان آئیں اور اپنے کیسز کا دفاع کریں اپنی مشہوری کے لئے ملک مخالف تقریریں نہ کریں۔ شیخ رشید نے کہا کہ جو رونا یہ اب رو رہے ہیں پہلے کہا تھا کہ الیکشن ہارنے کے بعد ایسا ہی کریں گے میری ریکارڈنگ محفوظ کرلیں 2023میں بھی یہ لوگ یہی کہیں گے کہ دھاندلی ہوئی ہے۔ جب تک یہ غیر پارلیمانی زبان کا استعمال نہیں روکیں گے ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا میں نیا نظام لایا جارہا ہے۔ ایم این اے ‘ ایم پی ایز نے جو بلاک شناختی کارڈ کھلوائے تھے ان کو مسترد کرتا ہوں 14اگست سے پہلے نادرا میں نئی پالیسی لائی جائے گی بائیو میٹرک نظام کو بحال رکھا جائے گا تصدیق ‘ تجدید اور تنسیخ پالیسی متعارف کروائی جائے گی جو شناختی کارڈ مشکوک ہوں گے ان افراد کو پیغام بھیجا جائے گا جو نیٹ کے ذریعے کیس کی وضاحت کرسکیں گے ہم تحقیقات کریں گے کہ کسی پاکستانی شناختی کارڈ کا غلط استعمال نہ ہو۔ پاکستان میں بغیر ویزہ کے جو لوگ سالوں سے مقیم ہیں وہ 14اگست سے پہلے پہلے پاکستان چھوڑ دیں یہ مذاق نہیں۔ ویزے کے لئے اپلائی کریں ان کا جرمانہ معاف کردیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ نادرا کو قومی توقعات کے مطابق بنایا جائے گا۔ ایف آئی اے کا سائبر کرائم سیل تھکا ہوا ہے اس میں بھی بہتری لائیں گے۔ لاکھوں درخواستیں ہونے کے باوجود سائبر کرائم سیل کچھ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے عمران خان کو فتح دلائی کشمیریوں کی سوچ سے بھی زیادہ کارکردگی دکھائیں گے۔ کشمیر میں بہت بے روزگاری ہے ایف آئی اے کے نوکریوںکے حوالے سے جلد خبر آجائے گی گیارہ سو سیٹوں کے لئے تیرہ لاکھ سے زائد درخواستیں آئیں جن کے ٹیسٹ کے لئے تیرہ کروڑ روپے لگ رہے ہیں۔ اس سے بے روزگاری کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان آرمی کے جو افسران اور اہلکار آئے ہیں ان کو باعزت طور پر واپس کریں گے۔ افغان بارڈر کے ساتھ چھبیس سو کلومیٹر کی باڑ مکمل کرلی گئی ہے باقی چودہ اگست تک مکمل کرلی جائے گی۔ افغان بارڈر کے ساتھ باڑ کا پچاس فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ فوج کی قربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان میں امن ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چاہتا ہوں اس ملک میں ایسا نظام ہو کہ عورتوں اور بچوںکے ساتھ ریپ اور عام آدمی کو قتل کرنے والوں کو پھانسی دی جائے اور کرپٹ لوگوںکو چینی نظام کی طرح پھانسی دی جائے کوئی ضمانتیں نہ ہوں چاہتا ہوں چین کے نظام کو کاپی کیا جائے۔ چودہ اگست کے بعد منشیات کے خلاف جہاد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جی ایچ کیو کی پیداوار ہے اور آج اسی فوج کے خلاف بات کررہے ہیں یہ ساری عمر ایسا کرتے رہے اقتدار کا کبھی منہ نہیں دیکھ سکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں