پاکستان اور امریکا کا ماحولیات کے حوالے سے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان اور امریکا نے ماحولیات کے حوالے سے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ امریکی صدر کے نمائندہ جان کیری سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم کی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان کے گرین ویژن، 10بلین ٹری سونامی منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اور امریکا نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا، امریکی صدر کے ایلچی جان کیری نے 10 بلین ٹری منصوبے کی تعریف کی۔سینیٹر جان کیری نے بلین ٹری سونامی منصوبے کو دنیا بھر کے لیے بہترین قرار دیا، انہوں نے عمران خان کے کوئلہ پاو پلانٹ قائم نہ کرنے کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا۔جان کیری نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں، عالمی ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے میں وزیراعظم کی گرین سوچ قابل ستائش ہے۔امریکی سینیٹر نے کہا کہ پاکستان نے دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کلین گرین منصوبوں پر بریفنگ دی، اس موقع پر ملک امین اسلم نے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کا ماحولیاتی تحفظ کے لیے دنیا بھر کی قیادت کرنا خوش آئند ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں