اب مزہ چکھو اس کھیل کا جو استعفے کے نام پر کھیلا، پیپلزپارٹی کا کشمیر میں عبرتناک شکست پر ن لیگ پر طنز

کراچی (پی این آئی ) وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے آزاد کشمیر الیکشن میں شکست پر پاکستان مسلم لیگ ن پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب مزہ چکھو اس کھیل کا جو استعفے کے نام پر کھیلا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ توئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے لیے دیوار پر لکھا پڑھنے کا وقت آگیا ہے ، وہ ریاست جہاں ن لیگ کی حکومت تھی اسے وہیں بری شکست ہوئی ہے، ایسا اس لیے ہوا کہ قوم کو آپ کی دوغلی سیاست کی حقیقت پتہ چل گئی ، اب مزہ چکھو اس کھیل کا جو استعفے کے نام پر کھیلا۔خیال رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی 53 ارکان پر مشتمل ہے، جہاں 45 عمومی نشستوں پر براہ راست پولنگ ہوئی ، اس کے علاوہ ایوان میں خواتین کے لیے 5 جب کہ علماء و مشائخ ، ٹیکنو کریٹ اور اوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست ہے ، عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف 25 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 11 اور مسلم لیگ (ن) نے 6 نشستیں حاصل کیں ، جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس نے بھی ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین 2 نشستوں پر کامیاب ہوئے ، حلف برداری سے پہلے انہیں ایک نشست چھوڑنی ہوگی ، اس طرح ایوان میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی 11 سے کم ہوکر 10 ارکان ہوجائے گی۔جب کہ آزاد کشمیر الیکشن میں مخصوص نشستوں کے لیے اگر مگر کا کھیل شروع ہوگیا ، قانون ساز اسمبلی کی 45 عمومی نشستوں پر انتخابات کے بعد اب سیاسی جماعتوں نے مخصوص نشستوں کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینا شروع کردیا ہے کیوں کہ خواتین کی 5 نشستوں پر انتخاب کے لئے 9،9 ارکان اسمبلی کے پینل بنیں گے، عددی اعتبار سے پی ٹی آئی خواتین کی 3 جب کہ پیپلز پارٹی کم از کم ایک نشست پر کامیاب ہوجائے گی ، خواتین کی ایک نشست پر اگر پیپلز پارٹی، (ن) لیگ ، مسلم کانفرنس اور جے کے پی پی اتفاق کر لیں تو ایک سیٹ جیت سکتی ہیں جب کہ اسمبلی میں علماء و مشائخ،ٹیکنو کریٹ اور اوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست ہے، جن پر پورا ایوان ووٹ دے گا ، امکان ہے کہ عددی اکثریت کی بنیاد پر تحریک انصاف یہ نشستیں جیت لے گی۔اب مزہ چکھو اس کھیل کا جو استعفے کے نام پر کھیلا، پیپلزپارٹی کا کشمیر میں عبرتناک شکست پر ن لیگ پر طنز

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close