اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے آزاد کشمیر میں شکست کھانے والے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے استعفوں کا مطالبہ کردیا۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ووٹر ٹرن آؤٹ 56 فیصد سے زائد رہا، اپوزیشن جماعتوں کو اپنی شکست قبول کرنی چاہیے اور انہیں دھاندلی کے الزامات کی بجائے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مریم نواز کے بیانیے کو مسترد کردیا ہے، مریم نواز کے بیانیے کی وجہ سے ن لیگ کو اتنی بری شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ نواز شریف نے لندن میں پاکستان کے دشمن حمد اللہ محب سے ملاقات کی جس کے نتائج آزاد کشمیر الیکشن میں سامنے آئے۔ ن لیگ کو سیکیورٹی اداروں پر تنقید کا جواب کل کے الیکشن میں مل گیا ۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ مریم نواز اور پیپلز پارٹی کو بلاول سے استعفیٰ لے لینا چاہیے، اگر ان دونوں میں تھوڑی بھی شرم ہے تو انہیں شکست تسلیم کرتے ہوئے خود ہی استعفے دے دینے چاہئیں۔ ان دو اہم سیاسی جماعتوں میں نئی قیادت کو ابھرنے کا موقع دیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں