متحدہ عرب امارات نے پاکستان کیلئے بڑی امداد کا اعلان کر دیا

دُبئی(پی این آئی) متحدہ عرب امارات مسلم ممالک کو مالی امداد دینے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی امارات نے پاکستان سمیت درجنوں ممالک کے غریب باشندوں کو کروڑوں درہم مالیت کے راشن بیگ بھجوائے تھے جن میں آٹا چینی، دال، چاول اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔ اس کے علاوہ بھی امارات مختلف فلاحی پراجیکٹس کے تحت پاکستان کو بھاری امداد دیتا رہا ہے۔اب ایک بار پھر امارات پاکستان سے پولیو کی وبا کے خاتمے کے لیے آگے آ گیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق امارات نے پاکستان میں انسداد پولیو مہمات میں سال 2021 کے دوران 23 ملین ڈالر سے زائد کا تعاون کیا ہے۔پاکستان کے طول وعرض میں 84 اضلاع میں کرونا وبا سے بچاو کے سامان کے لئے 376000 ڈالرز خرچ ہوں گے۔فنڈز کا استعمال جنوری تا دسمبر 2021 میں ہو رہا ہے۔ان مہمات کے دوران 16 ملین بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف حاصل کیا جارہا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے اپنے پروگرام یو اے ای پیپ (UAE PAP) کے ذریعے اپنا تعاون جاری رکھا ہے۔کوارڈینیٹر پولیو پروگرام کے مطابق یو اے ای کا پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس کے خاتمے میں اہم کردار ہے۔ فرنٹ لائن ورکرزکی کوششوں اور قربانیوں سے پاکستان میں وائرس پر قابو پانا ممکن ہوا ہے۔پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف کے قریب پہنچ چکے ہیں جب کہ حتمی کامیابی کے لئے ہمیں ابھی مسلسل مزید جدوجہد کی ضرورت ہے۔دوسری جانب پاکستان میں اس سال اب تک پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ وائرس پر قابو پانا پاکستان پولیو پروگرام کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ پچھلے سال پہلے چھ مہینوں میں 59 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، پولیوکیسز کی شرح میں 98 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 2014 سے متحدہ عرب امارات پولیومہمات کے لئے 200 ملین ڈالر کی امداد کرچکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close