گھروں کے باہر قربانی کرنے پر پابندی عائد، عید کی نماز کے حوالے سے بھی گائیڈ لائنز جاری

کراچی (پی این آئی) گھروں کے باہر قربانی کرنے پر پابندی عائد، نماز عید کے ایک ہی جگہ ایک سے زائد اجتماعات الگ الگ اوقات میں رکھنے اور نماز عید کا خطبہ مختصر کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کے محکمہ داخلہ نے عید الاضحٰی کے لئے ضروری گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں جن میں ہدایت کی گئی ہے کہ نماز عید کے ایک ہی جگہ ایک سے زائد اجتماعات الگ الگ اوقات میں رکھے جائیں تاکہ کسی بھی جگہ نماز عید کے موقع پر نمازیوں کا بہت زیادہ ہجوم اکٹھا نہ ہو، آئمہ کرام نماز عید کا خطبہ مختصر رکھیں تاکہ نماز عید کے اجتماعات میں لوگوں کی موجودگی مختصر مدت کے لئے ہو، نماز عید کھلے مقامات پر ادا کی جائے جو نماز عید گاہوں میں آئیں انہیں تھرمل اسکینر سے گزارا جائے۔نماز عید کے اجتماعات میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جائے۔اس امر کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں کہ بیمار بوڑھے اور بچے عید گاہوں میں نہ آئیں۔تمام نمازی لازمی طور پر فیس ماسک ضروراستعمال کریں۔عید گاہوں اور مساجد میں نمازیوں کے داخلے اور باہر نکلنے کے لئے زیادہ راستے رکھے جائیں تاکہ کہیں بھی ہجوم نہ لگے جس سے کرونا وائرس کی منتقلی کا امکان زیادہ بڑھ جاتا ہے۔نماز عید میں شریک ہونے والے وضو گھر سے کرکے آئیں اور اپنے ہمراہ جائے نماز بھی لائیں۔اس موقع پر مصافحہ کرنے اور گلے ملنے سے اجتناب کیا جائے۔نماز عید سے قبل اور اس کے بعد لوگ غیر ضروری طور پر کسی بھی مقام پر کھڑے نہ رہیں بلکہ فوری طور پر منتشر ہونے کی کوشش کریں۔محکمہ داخلہ کی جانب سے یہ حکم بھی جاری کیا گیا ہے کہ رہائشی احاطوں اور گھروں میں قربانی کے جانور ذبح کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔حکم نامے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کالعدم تنظیموں کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close