اسلام آباد (پی این آئی) وبائی امراض پر قابوپانے اور ایمرجنسی رسپانس میں بہترین کردار پرپاکستان کو ڈائریکٹرز ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو وبائی امراض کے کنٹرول اور ایمرجنسی رسپانس کے شعبے میں بہترین کردار ادا کرنے پر ڈائریکٹرز ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ، یہ ایوارڈ این آئی ایچ کو فیلڈ ایپیڈیمیالوجی ٹریننگ پروگرام کی بین الاقوامی کانفرنس 2021 میں دیا گیا ، ڈائریکٹرز ایوارڈ برائے ایکسی لینس ان ممالک کے لیے ایک اعلیٰ کامیابی تصور کیا جاتا ہے جو پبلک ہیلتھ کو بہتر کرنے اور وبائی امراض کی روک تھام کے لئے بر سر پیکار ہیں ، یہ ایوارڈ ایپیڈیمیالوجی ریسرچ میں مہارت اورصحت عامہ کے مسائل کو حل کرنے کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔اس موقع پر ومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر عامر اکرام نے پروگرام کے ٹیم ممبران کی زبردست کارکردگی کی تعریف کی اوراس کامیابی پر انہیں مبارکباد دی ، ایپیڈیمیالوجی ٹریننگ پروگرام کی بین الاقوامی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں 82 فیلڈ ایپیڈیمیالوجی ٹریننگ پروگرام کام کر رہے ہیں اور یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ان میں سے پاکستان کے ٹریننگ پروگرام کو ایک بہترین پروگرام تسلیم کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ قومی ادارہ صحت کا فیلڈ ایپیڈیمیالوجی ٹریننگ پروگرام وبائی امرض کی بروقت تشخیص اور ان سے نمٹنے کے لئے موثر نگرانی کا نظام قائم کرنے کے لئے نہ صرف تمام صوبوں کے ساتھ کام کررہا ہے بلکہ اس حوالے سے صوبوں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے رہنمائی بھی فراہم کر رہا ہے اور طب کے شعبے میں اس پروگرام کی سائنسی تحقیقات بیماریوں کے کنٹرول میں بہت معاون ثابت ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں