بلدیاتی ادارے 28 جولائی تک بحال کریں، عدالت نے حکم جاری کر دیا

لاہور (پی این آئی) لاہور ہاائی کورٹ نے صوبے میں بلدیاتی ادارے بحال کرنے کے لیےپنجاب حکومت کو 28 جولائی تک مہلت دے دی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے بلدیاتی اداروں کی عدم بحالی کیخلاف درخواستوں پرسماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے بلدیاتی اداروں کو بحال کرنے کا حکم دیا مگر تاحال ادارے بحال نہیں ہوسکے۔سماعت کرتے ہوئےجسٹس عائشہ اے ملک نے چیف سیکرٹری سے استفسار کیا کہ بلدیاتی ادارے کیوں بحال نہیں کیے؟، جس پر چیف سیکرٹر ی نے جواب دیا کہ بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق کمیٹی تشکیل دےدی ہے،عدالت کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کمیٹی نے کیا کرناہے اورکب کام شروع کریگی؟، جس پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ کمیٹی عیدکے بعدکام شروع کریگی۔معزز جج نے ریمارکس دیئے کہ بلدیا تی ادارے بحال کرنے کا حکم سپریم کورٹ کاہے،پنجاب حکومت کوعمل کرناہوگا،پنجاب حکومت نیاجواب جمع کرائے۔ عدالت کی جانب سے نیا پلان پیش کرنے تک حکومت کے ڈویلپمنٹ پلان پر عمل معطل کرتے ہوئے اگلی سماعت پر چیف سیکریٹری اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو پیش ہونے کی ہدایت کردی گئی۔معزز عدالت نے پنجاب حکومت کوبلدیاتی ادارے بحال کرنے کیلئے مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28جولائی تک ملتوی کردی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close