وسیلہ تعلیم پروگرام کا دائرہ کار ہائیر سکینڈری ایجوکیشن تک بڑھا دیا گیا

اسلام آباد(آئی این پی) حکومت نے وسیلہ تعلیم پروگرام کے دائرہ کار کو پرائمری ایجوکیشن سے بڑھا کر سکینڈری و ہائیر سکینڈری ایجوکیشن تک کردیا ہے۔وزارت سماجی تحفظ و تخفیف غربت نے احساس وسیلہ تعلیم پروگرام میں رواں مالی سال کے دوران مزید 17لاکھ 50ہزار طالب علموں کا شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، پروگرام میں پرائمری کلاس کے 10 لاکھ، سیکنڈری کے 5لاکھ جبکہ ہائیر سکینڈری کے 2لاکھ 25ہزار طالب علموں کو شامل کیا جائے گا۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی تکمیل پر سیکنڈری و ہائیر سیکنڈری کلاس کے طالب علموں کو تعلیمی وظائف ملنا شروع ہوجائیں گے۔سرکاری دستاویز کے مطابق وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت پرائمری کلاس کے بچوں کو فی سہ ماہی 1500جبکہ بچیوں کو 2000روہے دیئے جارہے ہیں۔ اب اس پروگرام کے تحت سکینڈری کلاس کے بچوں کو فی سہ ماہی 2500جبکہ بچیوں کو 3000 روہے دیئے جائیں گے۔ ہائیر سکینڈری کلاس کے بچوں کو فی سہ ماہی 3500 جبکہ بچیوں کو 4000 روہے دئے جائیں گے۔ پانچویں جماعت پاس کرنے پر بچیوں کو 3000 روپے اضافی رقم بھی دئے جائیں گے۔دستاویز کے مطابق وسیلہ تعلیم پروگرام کے آغاز سے اب تک 44لاکھ 50 ہزار طالب علموں کی انرولمنٹ کی گئی ہے اور انہیں اب تک مجموعی طور پر 19 ارب روپے تعلیمی وظائف کی مد میں تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں