شاہراہوں پر غیر قانونی مویشی منڈیوں اور روڈ پر جانوروں کی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(آئی این پی ) ٹریفک پولیس کا شہریوں کیلئے بلا رکاوٹ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے شاہراہوں پر غیر قانونی مویشی منڈیوں اور روڈ پر کھڑے کرکے جانور فروخت کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ ،شہریوں سے استدعا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں،موٹر سائیکل مقررہ پارکنگ ایریا میں پارک کریں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس اہلکاروں سے تعاون کریں تاکہ ٹریفک رواں دواں رکھا جا سکے،ایس ایس پی ٹریفک سید کرار حسین ،تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد کے خصوصی احکامات کی روشنی میں عیدالاضحی کے موقع پر اسلام آباد کے مختلف مقامات پر لگائی گئی مویشی منڈیوں کیلئے اسلام آبادٹریفک پولیس کی طرف سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سفری سہولیات فراہم کرنے اور شہر میں مربوط ٹریفک نظام قائم رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں،اسلام آباد میں لگائی گئی مویشی منڈیوں کیلئے ایس پی ٹریفک سرفراز ورک کی زیر نگرانی متعلقہ بیٹ انسپکٹر اور ڈی ایس پیزکو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں اور روزمرہ کی ڈیوٹی کے علاوہ ٹریفک پولیس کی اضافی نفری بھی ان مقامات پر تعینات کی گئی ہے جوکہ 3شفٹوں میں ڈیوٹی سر انجام دینگے تاکہ مویشی خریدنے کیلئے آنیوالے شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، زیادہ رش والی شاہراہوں پر شہریوں کی سہولت کیلئے ڈائیورشن پوائنٹس دیے گئے ہیں،شہری اپنی شکایات ہیلپ لائن اسلام آباد ٹریفک پولیس 1915،0519261992/93پر بھی درج کرا سکتے ہیں،ٹریفک پولیس کی جانب سے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے منڈی مویشیاں میں زیادہ رش کے وقت ڈائیورشن پوائنٹس دیے گئے ہیں،اس کے علاوہ آئی ٹی پی ریڈیو ایف ایم 92.4 اور آئی ٹی پی سوشل ویب سائٹ کے زریعے بھی شہریوں کولمحہ بہ لمحہ ٹریفک کی صورت حال سے باخبر رکھے جائیگا، اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close