حیدرآباد(آن لائن) لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں مثبت کیسوں کی شرح میں اضافے ، خسرہ، ٹائیفائیڈ سمیت دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کے پیش نظر لیاقت یونیورسٹی اسپتال میں فوری طورپر ایمرجنسی نافذ کرکے تمام ڈاکٹرز ، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور اسپتال میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ وہ اپنے دفتر میں اسپتال کے انتظامی افسران سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو، اے ایم ایس پیرامیڈیکل ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، اے ایم ایس او پی ڈی ڈاکٹر مجیب الرحمن کلوڑ، اے ایم ایس ڈاکٹر محمود خان، اے ایم ایس ڈاکٹر علی نواز عباسی کے علاوہ چیف سی ایم او ، چیف پتھالوجسٹ و دیگر ذمہ داران بھی موجو دتھے۔ ایم ایس ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ نے کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں بھی شدت آتی جارہی ہے اوراس کے کیسز میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔ جبکہ مون سون کی بارشوں کے سبب ملیریا، ٹائیفائیڈ، ڈائریا کے متوقع پھیلاؤ اور دیہی علاقوں میں سانپ کے کاٹے کے مریضوںمیں اضافے کے خدشات کے پیش نظر تمام ڈاکٹرز ، نرسنگ و پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے ادا کریں ، اسپتال میں علاج کیلئے آنے والے مریضوں کے ترجیحی بنیاد پر طبی امداد دینے کے علاوہ ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت و لاپرواہی اور شکایت برداشت نہیں کی جائیگی
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں