آٹا، گھی ،چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کی شدید مذمت

کراچی(آن لائن)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے آٹا، گھی ،چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہاں گئے ،پی ٹی آئی قیادت کے عوام کو ریلیف دینے والے وعدے؟ حکومتی ظالمانہ اقدامت سے لگتا ہے کہ وہ غربت کے خاتمے کے بجائے ملک میں غریب ختم کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ پیٹرول گیس اور بجلی کے بعد گھی 90 روپے، چینی 17 اور آٹا7 روپے فی کلو یوٹیلیٹی اسٹور پر مہنگا کر کے حکومت غریب عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے۔ غریب عوام کے نام پر ووٹ لیکر اقتدار میں آنے والے سب سے ذیادہ ظلم و نا انصافی اور استحصال کا نشانہ بھی مہنگائی کی بجلی گراکر غریب عوام کو بنا رہے ہیں۔ جو کہ حکومتی وعدوں اور دعووں کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوکریاں، گھر، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی طرح عوام کو ریلیف دینے کا دعویٰ بھی جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا ہے۔ مہنگائی و بیروزگاری کی وجہ سے لوگ سخت پریشان ہیں۔ عام آدمی دو وقت کی روٹی کو ترس گیا ہے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور مہنگائی کے خاتمے سمیت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر کے انتخابات میں قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں