اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چین نے اپنے شہریوں کے لیے مزید سکیورٹی مانگی ہے جس کی فراہمی کے لیے وزارت داخلہ نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو چین جانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق لاہور میں دھماکہ کرنے والوں کو بھی پکڑا گیا ہے اور اب یہ داسو میں ایسی سازش میں کامیاب ہوئے ہیں مگر یہ کامیابی عارضی ہے۔ ان ملزمان کو بھی قانون کے دائرے میں لائیں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ انہوں نے چینی حکام سے وزیراعظم کے کہنے پر رابطہ کیا تھا۔ ہم نے ان سے تعزیت کی۔ انہوں نے اپنے شہریوں کے لیے مزید سکیورٹی مانگی جو ہم نے وزارت داخلہ کے ذریعے فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ایجنسیوں کو کہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد تفتیش کے لیے پاکستان آنے والی چین کی 15 رکنی ٹیم کے ارکان جائے حادثہ پر جا چکے ہیں۔ چین کی حکومت کو مکمل یقین دلاتے ہیں، ان مجرموں کو، خفیہ ہاتھوں اور سی پیک دشمنوں اور پاک چین دوستی کے دشمنوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ پاک چین دوستی حالات و حادثات سے بالا ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق ان کا چین کے وزیر داخلہ سے رابطہ ہے اور ’اس کی تفتیش اعلیٰ سطح پر کی جا رہی ہے اور اب چین کے بعد 15 لوگ اس میں شامل ہو رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں