باب دوستی کو دو روزہ بندش کے بعد پیدل آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا

پشاور(آئی این پی)پاک افغان بارڈر، بابِ دوستی کی دو روزہ بندش کے بعد افغان طالبان کے کمانڈر اور پاکستانی سیکیورٹی حکام کے درمیان باب دوستی پر پہلا رابطہ ہوا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق طالبان اور پاکستانی حکام کا باب دوستی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے دوران باب دوستی کو دو روزہ بندش کے بعد پیدل آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے، بڑی تعداد میں باب دوستی کی دونوں جانب پھنسے پاکستانی اور افغان شہری آنے جانے لگے ہیں۔لیویز حکام کے مطابق پاکستان میں پھنسے افغان شہری بھی افغانستان جاسکتے ہیں، افغانستان میں پھنسے صرف پاکستانی شہری واپس آسکتے ہیں۔لیویز حکام کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے گزشتہ روز باب دوستی اور افغان سرحدی ضلع اسپین بولدک پر قبضہ کر لیا تھا، افغان ضلع اسپین بولدک کے دفتری امور طالبان کے پاس ہیں۔لیویز حکام کے مطابق بات چیت کا اگلا دور باب دوستی سے تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close