پاکستان اور روس کے درمیان گیس پائپ لائن کی تعمیر کا معاہدہ طے پا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان اورروس کے درمیان اسٹریم گیس پائپ لائن پراجیکٹ کے تعمیری معاہدے پر دستخط ہوگئے، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ کراچی سے لاہور تک تقریبا 1100 کلومیٹر گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی، منصوبہ 2015 سے تاخیر کا شکار تھا، 2023ء میں مکمل ہوگا اور 2.5 ارب ڈالر لاگت آئے گی، گیس پائپ لائن کے ٹیرف کا تعین اوگرا کرے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اورروس کے درمیان کراچی سے لاہور تک اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کے معاہدے پر باقاعدہ دستخط ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں سیکرٹری پٹرولیم ڈاکٹر ارشد محمود اورروس کی وزات توانائی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ منصوبہ 2015ء سے تاخیر کا شکار تھا، آج ٹیکنیکل تعاون کیلئے دستاویزات کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔کراچی سے لاہور تک تقریبا 1100 کلومیٹر گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی ۔ اس منصوبے پر 2.5 ارب ڈالر لاگت آئے گی اوریہ 2023 تک مکمل ہوگا۔ گیس پائپ لائن کی تعمیر سے پاکستان کے شمال سے جنوب کی جانب گیس کی ترسیل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کمپنیاں گیس پائپ لائن بچھانے میں کام کریں گی، وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کا سامان روس سے آئے گا، گیس پائپ لائن کے ٹیرف کا تعین اوگرا کرے گا، معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔ اس موقع پرسربراہ روسی وفد نے کہا کہ شمال سے جنوب کی جانب اسٹریم گیس پائپ لائن پاکستان کیلئے منصوبہ بڑا اہم ہے، یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی اور سکیورٹی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں