اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ای ووٹنگ اور الیکٹرانک مشینوں پر ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے پر بریک تھرو ہوا ہے تاہم عید کے بعد انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس تسلسل سے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف اور حکومت کا 40 سے زائد نکات پر اتفاق رائے موجود ہے لیکن دو تین نکات پر حزب اختلاف کا مقف مختلف ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ای ووٹنگ اور ای وی ایم مشینوں پر حزب اختلاف کے تحفظات ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں حزب اختلاف ای ووٹنگ اور ای وی ایم مشینوں کے معاملے پر ہماری بات سنے۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے کے لیے دو قدم ہم پیچھے ہٹیں گے لیکن دو قدم حزب اختلاف کو بھی پیچھے جانا ہو گا تاہم ای ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر ہم ایک قدم بھی پیچھے نہیں جائیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں انتخابی اصلاحات پر اتفاق رائے پیدا ہو اور انتخابی اصلاحات کے جن نکات پر آئین میں ترمیم ضروری ہے وہ بھی اتفاق رائے سے چاہتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں