باغ(آئی این پی)آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں انتخابی جلسے میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور پر جوتا پھینک دیا گیا، نجی ٹی وی کے مطابق علی امین گنڈا پور پر پھینکا گیا جوتا ان کے ساتھ کھڑے شخص کو لگا، واقعے کے بعد جلسے میں بھگدڑ مچ گئی، موقع پر موجود تحریک انصاف کے کارکنوں نے جوتا پھینکنے والے نوجوان کو پکڑ کر درگت بنا ڈالی،بعدازاں پولیس نے جوتا پھینکنے والے نوجوان کو حراست میں لے لیا،وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مخالفین پیسے دے کر ایسا کام کراتے ہیں، اس سے قبل وفاقی وزیر نے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ووٹ مانگنے والوں میں وہ بھی شامل ہیں جنہوں نے یہاں حکومت کی، جن حکومتوں نے لوٹ کھسوٹ کی انہوں نے آج یہاں ڈیرے ڈالے ہیں، عمران خان غریبوں کا ہمدرد ہے، وزیراعظم کی کوشش ہے جو علاقے پیچھے رہ گئے وہ ترقی کریں ، عمران خان نے پہلے خطاب میں کہا تھابھارت سے گفتگو کشمیر سے شروع ہوگی،علی امین نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کی آزادی کی قرارداد پس پشت ڈالی، عمران خان نے اقوام متحدہ میں کھڑے ہوکر مسئلہ کشمیر کی بات کی، علی امین گنڈا پور نے بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز پر الزامات کی بوچھاڑ کردی، انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران علی امین گنڈاپور نے ذوالفقار علی بھٹو کو غدار اور نوازشریف کو ڈاکو قرار دیا۔علی امین گنڈاپورکا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے کرپشن کے ریکارڈ توڑے، عمران خان نے کشمیرکا مقدمہ ہر فورم پر لڑا، عمران خان پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا چاہتے ہیں،انتخابی مہم میں علی امین نے ایک بار پھر ووٹ ملنے پر بڑے ترقیاتی پیکیج دینے کا اعلان کیا اور گلگت بلتستان میں ایک ووٹ کی لیڈ پر ایک کروڑ کا پیکج دینے کا اپنا ہی وعدہ یاد دلاتے ہوئے کہا کہ آپ جو مانگ رہے ہیں اس سے کہیں زیادہ ملے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں