نابالغ سیاستدان مودی کی بجائے اپنےاداروں پر انگلی اٹھا رہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

لاہور (آن لائن)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے داتا دربار کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس مقام کو مذہبی سیاحت اور دینی تعلیم کا مرکز بنانے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ اس امرکا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر آفس میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم عمران خان نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ بجٹ پر عملدرآمد کے لئے خصوصی سیل وزیراعلیٰ کے دفتر میں بنا دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ای ٹینڈرنگ اور منصوبے کے معیار کو چیک کرنے کے لئے تھرڈ پارٹی چیک رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کو حکومت پنجاب اور وفاق مل کر پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ 2021-22ء کے بجٹ کا استعمال سوفیصد یقینی بنایا جائے گا اور وزیراعظم خود اس کی نگرانی کریں گے۔ ڈاکٹرفردوس نے کہا کہ سابق حکومت نے پنجاب میں 2کروڑ جبکہ موجودہ حکومت نے 17کروڑ درخت لگائے۔ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو 50کروڑ درخت لگانے کا ٹارگٹ دیا ہے تاکہ صوبے کو واپس ہریالی اور خوشحالی کی طرف لایا جا سکے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کشمیر کے الیکشن کو عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے اور کوئی بھی ایسا غیرآئینی اور غیرقانونی قدم نہ اٹھایا جائے جس سے الیکشن داغدار ہو۔ انہوں نے کہا کہ آزادجموں کشمیر کے موجودہ وزیراعظم عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ن لیگ کے جلسوں اور پروٹوکول پر بہا رہے ہیں۔ جو لوگ کشمیر کا واویلا مچا کر بچگانہ حرکتیں کر رہے ہیں انہیں ہوش کے ناخن لینا چاہئیں۔ کشمیر ایک حساس مسئلہ ہے۔ کشمیر میں آپ کی توپوں کا رخ مودی کی طرف ہونا چاہیے۔ کچھ نابالغ اور نادان سیاست دان مودی پر انگلی اٹھانے کی بجائے اپنے ہی اداروں پر انگلی اٹھا رہے ہیں۔ الیکشن لڑیں، ووٹ مانگیں مگر پاکستان کے دفاع اور قومی سلامتی کا خیال رکھیں۔ کشمیریوں کے وکیل عمران خان پر تنقید مودی کے نظریئے کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ تنقید ضرور کریں لیکن اپوزیشن کو کچھ حدود کا تعین کرنا چاہیے۔ یہ بدروحیں جدھر مرضی بھٹک لیں کشمیری فیصلہ کر چکے ہیں اور انہوں نے مینڈیٹ عمران خان کو دینا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا بیانیہ لوٹو اور پھوٹو کا ہے۔ ادارے پاکستان کی سلامتی کی ضمانت ہیں۔ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔شاہی خاندان اور ان کے درباری ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ مریم ایسے بیانات دے کر جندال سے کاروباری تعلقات مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بھاری کک بیکس لے کر بڑے بڑے معاہدے کئے لیکن بجلی کو گرڈسٹیشن تک پہنچانے کا انتظام نہ کیا۔ مہنگی بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی مگر سستے ہائیڈل پاور منصوبوں کی طرف توجہ نہیں دی۔ پی ٹی آئی کی حکومت نہ صرف نئے بجلی کے منصوبوں بلکہ گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمشن لائنز میں بہتری کے لئے بھی کام کر رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close