لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف حکومت میں 2013 سے 2018کے درمیان میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا تھا لیکن آج تین سالوں میں بدقسمتی سے لوڈشیڈنگ دوبارہ آ چکی ہے، عمران خان نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کر دیا ہے اور معیشت کو تباہ کر دیا ہے، ایک وقت کی روٹی مشکل کر دی ہے جبکہ 2013سے قبل بھی یہی صورتحال تھی، پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کے کئی وزراء نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے حکومت میں فالتو بجلی پیدا کی گئی اور فالتو بجلی پیدا کر کے کمیشن اور کک بیکس لئے گئے، یہ بھی کہا کہ کرپشن کیلئے اضافی بجلی کے پلانٹس لگائے،لیکن پچھلے کچھ عرصے سے تحریک انصاف کے وزراء کہتے پھر رہے ہیں کہ وہ ہوا، گیس اور سولر انرجی پاور پلانٹس لگائے گی جبکہ سوال بنتا ہے اگر بجلی اضافی تھی تو پھر یہ پلانٹس کیوں لگائے جا رہے ہیں اور بجلی فالتو تھی تو یہ لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے، حکومتی وزراء کے اپنے بیانات ان کے باتوں کی نفی کرتے ہیں جو وہ مسلم لیگ نون کے بارے میں کیا کرتے تھےشہباز شریف نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ تین سال تک مسلم لیگ نون کے گیس کے پاور پروجیکٹس کی تحقیقات کرتا رہا لیکن آج تک ایک دھلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے،مسلم لیگ نون حکومت نے دنیا کے سب سے سستے پاور پلانٹس لگائے ہیں، جن میں بھکی بلوکی، تریمو، حویلی بہادر شاہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سالوں میں قوم کو بے دردی سے لوٹا گیا ہے اور دونوں ہاتھوں کے ساتھ لوٹا گیا ہے ، یہ صرف نا اہلی، بدترین غفلت نہیں ہے، اصل میں یہ بدترین کرپشن ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج ملک میں 8 سے 10گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے کیا یہی نیا پاکستان ہے، جس کیلئے مسلم لیگ حکومت بدنام کیا گیا جبکہ نواز شریف کی حکومت میں2گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھی نہیں تھی، ان منصوبوں سے قوم کے 250ارب روپے بچائے گئے تھے اور دنیا کی تاریخ میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور سب سے کم مدت میں منصوبے لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ موجودہ حکومت کی بد اعمالیوں سے ہو رہی ہے اور پوری قوم کو لوڈشیڈنگ پر مبتلا کر دیا ہے اس سے بڑا جرم نہیں ہو سکتا ہے اور کپیسٹی پیمنٹ حکومت کی جیب میں جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ٹیم نے ایمانداری سے محنت کو اپنا خون پسینہ بہایا لیکن یہ کچھ کام نہیں کر سکتے ، اس حکومت نے مٹیاری سے لاہور ٹرانسمیشن لائن میں ایک انچ اضافہ نہیں کیا، ساری مسلم لیگ نون کو دیوار سے لگانا اور بدترین انتقام کا نشانہ بنانا کوئی قومی خدمت نہیں ہے، اس سے قوم آگے نہیں بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایل این جی ٹرمینلز پر باتیں کرتی ہے، مسلم لیگ نون کی حکومت نے دو ایل این جی ٹرمینل لگائے لیکن تین سال گزر گئے ہیں یہ حکومت بتائے کہ انہوں نے ابھی تک کونسا ایل این جی ٹرمینل لگایا ہے۔ صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اپنی انتہاء پر ہے اگر حکومت وقت نے اپنا وطیرہ نہ بدلا تو ملک خونی انقلاب کی طرف جا سکتا ہے، عوام نے بہت صبر کیا ہے اور بہت ظلم برداشت کیا ہے اور عوام کے صبر کو سلام ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں