عمران خان بزدل انسان ہے جو کشمیر کا مقدمہ ہار گیا، مریم نواز

ہٹیاں بالا (آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان بزدل انسان ہے جو کشمیر کا مقدمہ ہار گیا،کشمیر کے انتخابات میں ووٹ چوری کیا تو کشمیری تم کو نہیں چھوڑیں گے،یاد رکھنااگر کشمیریوں کا ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو فاروق حیدر تم کو چھوڑے گا نہیں، یہاں سے آٹھ میل دور لائن آف کنٹرول ہے،مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،میں سرحد کے اس پار پیغام دینا چاہتی ہوں کہ میں مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ کھڑی ہوں،کشمیر کو صوبہ بننے سے روکنے کے لیے راجہ فاروق حیدر اور نواز شریف جیسے بہادر اور دلیر لوگ چائیں، عمران خان کشمیر پر نظر لگا کر بیٹھا ہے، اگر عمران خان نے کشمیر کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا تو یاد رکھنا اس دفعہ مقابلہ راجہ محمد فاروق حیدر خان کے ساتھ ہے، کشمیریوں کے ساتھ خون کا رشتہ ہے،راجہ فاروق حیدر نے ریاست بچانے کا قدم اٹھایا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر انتخابی مہم کے سلسلے میں اتوار کو ہٹیاں بالا میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مریم نواز کا جہلم ویلی، سرینگر روڈ پر جگہ جگہ دختر کشمیر کا فقید المثال استقبال کیا گیا، جگہ جگہ کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوے مریم نواز کا استقبال کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور سینئر لیگی قیادت بھی انکے ہمراہ تھی، ہٹیاں بالا میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پچیس جولائی کو اپنے ووٹ کا درست استعمال کرو اور ووٹ کو عزت دو،میرے ساتھ وعدہ کرو پچیس کو کوئی بھی اپنے گھر نہیں رہے گا،نواز شریف مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے، اس ماں کے ساتھ کھڑے ہیں جس نے اپنے بیٹے کو قربان کیا ہے،یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ان کو نہ بھولیں گے نہ بھولنے دینگے۔ عمران خان جب کشمیر کا رخ کرنا تو اپنا نامہ اعمال بھی ہاتھ میں لیکر آنا،انہوں نے کہا کہ امریکہ سے واپسی پر عمران خان نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں کشمیری پوچھتے ہیں وہ ورلڈ کپ کہاں ہے، کیا کشمیر کو ہندوستان کی جھولی میں ڈالنا تمہارا ورلڈ کپ تھا،انہوں نے کہا کہ جو سلیکٹ ہو کر آیا ہو اسکی نہ گھر میں عزت ہوتی ہے نہ باہر، پاکستان اور آزاد کشمیر میں کوئی ایک شخص بھی ایسا نہیں جو یہ نا جانتا ہو کہ عمران خان کہاں سے آیا ہے، پاکستان میں ایک ہی شخص خوشحال ہے اسکا نام عمران خان ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیر میرا گھر ہے، مریم نواز اور نواز شریف کا کشمیر سے خون کا رشتہ ہے، راجہ فاروق حیدر خان کے ساتھ ہمارا فیملی تعلق ہے، میاں نواز شریف راجہ محمد فاروق حیدر خان سے پیار کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان نے خدمت کا قدم بڑھا دیا ہے، آپ نے اب ان کا ساتھ دینا ہے، راجہ فاروق حیدر خان نے آزاد کشمیر کا کلچر بد ل دیا اور وفاداری کی نئی تاریخ رقم ک ی، اس موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیری بے غیرت اور بزدل نہیں، ووٹ چوری کرنے والے کا آخری دم پیچھا کرینگے، جو بھی کشمیر کا سودا کرے گا اس کے خلاف کھڑے ہونگے، آپ سب نے ووٹ کہ حفاظت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جہلم ویلی کو پہچان دی، جہلم ویلی کو ضلع بنایا، ایل او سی بسنے والوں کو معاوضے دیے، بیوائوں کی کفالت، یتیموں کی کفالت کا قانون بنایا،یہ سب کام آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار ہوئے اور مسلم لیگ ن کے مقدر میں آئے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے عہدیداروں اور کارکنوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اس جلسہ کو کامیاب بنایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close