کراچی(آئی این پی ) قومی ایئر لائن نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کووطن واپس لانے کیلئے آپریشن کا اعلان کردیا ہے، سی ای او ارشد ملک کی ہدایت پر ہم وطنوں کوعید سے قبل وطن لایاجائیگا۔ اطلاعات کے مطابق پی آئی اے کابل کیلئے(آج) پیر بارہ اور سولہ جولائی کو خصوصی پروازیں آپریٹ کررہی ہے، جس کا مقصد وہاں پھنسے پاکستانیوں کو محفوظ وطن واپسی ہے، اس ضمن میں پی آئی اے کابل میں پھنسے ہم وطنوں کو لانے کیلئے بوئنگ777طیارے استعمال کریگی۔ رپورٹ کے مطابق پی آئی اے نے خلیجی ممالک سے پاکستان آنے کیلئے پانچ خصوصی پروازوں کا اضافہ کردیا ہے، صرف سعودی عرب کیلئے پی آئی اے نے بھی دس پروازوں کا اضافہ کیا ہے، دبئی اور ابوظہبی سے پاکستان آنے والے مسافروں کو بوئنگ777طیاروں کے ذریعے وطن لایا جائے گا۔ یہی نہیں پی آئی اے تاشقند کیلئے آٹھ خصوصی پروازیں آپریٹ کریگی، جس کا مقصد بشکک میں پھنسے طلبا واپس لانا ہے، پی آئی اے کی جانب سے تاشقند کیلیے ایئر بس320طیارے استعمال کیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں