این سی او سی کا ایس او پیز سے سختی سے عملدآمد کروانےکیلئے بڑا اقدام، خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدیں

اسلام آباد (پی این آئی) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ہائی رسک سیکٹرز میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔این سی او اسی کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور کے پی میں سیاحوں کی ہوٹل بکنگ کیلئے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے، سیاحتی مقامات کے داخلی راستوں اور ہوٹلوں میں ویکسین سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کے لیے طریقہ کار کا اجراء کیا گیا ہے۔ریسٹورنٹس، جمنازیم، سینما گھروں، شادی ہالز انتظامیہ اور آنے والے افراد کے لیے بھی ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے ،بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنز، اندرون اور بیرون شہر ٹرانسپورٹ پر ایس او پیز عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔این سی او سی نے مساجد اور بازاروں کے لیے پہلے سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ مویشی منڈیوں اور عید سے متعلقہ ایس او پیز کے نفاذ کے لیے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔ترجمان این سی او سی نے کہا کہ تمام صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ ماسک کا استعمال، سماجی فاصلے اورحفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔این سی او سی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے لیے تفصیلی چیک لسٹس جاری کر دی گئیں جبکہ خلاف ورزی کرنے والے افراد اور ادارے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close