لاہور (آن لائن) ہمیں اپنی آپریشنل ایفیشنسی کو بڑھانا ہے، سیفٹی اور کسٹمر کئیرکیسے کرنی ہے اس پر مکمل طور پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے۔ جس میں ٹریک کی انسپکشن ، کیپسٹی بلڈنگ ، آگاہی اور وہ جگہیں جہاں پر زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے وہا ں پرپوری لگن اور محنت سے کام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہارسیکرٹری / چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ٹرین آپریشن، سیفٹی ، ٹریک انسپکشن ، فیڈبیک اور حادثات کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹرآف ریلویز فرح تیمور غلزئی نے چیئرمین ریلویز کو اپنے ادارے کی طرف سے سیفٹی کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔ چیئرمین ریلویز نے کہا کہ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹرآف ریلویز اور چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ سیفٹی کو جتنے بھی لوگ درکار ہیں انہیں فراہم کیے جائیں تاکہ سیفٹی کے معیار میں بہتری لائی جائے اور لوگوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے اور اثاثوں کو محفوظ کیاجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلو ے میں ٹیکنیکل افراد کی بھرتی کے لیے شارٹ /مڈٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جائے اور آنے والے دوسالوں کے لیے پلان مرتب کیاجائے کہ کتنے لوگ ریٹائر ہورہے ہیں اور کتنے لوگوں کی بھرتی کی ضرورت ہے۔ چیئرمین ریلویز نے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز نثار احمد میمن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی محنت سے ریلوے ریونیو میں اس مالی سال میں زائد آمدن حاصل ہوئی ہے۔ اس مالی سال میں ہم نے اخراجات میں ڈیڑھ ارب کی کمی کی اور آمدنی میںڈیڑھ ارب روپے کا اضافہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ قبل ازیں ریلوے میں نئے تعینات ہونے والے چیف فنانس آفیسرمحمد حامد محمود نے چیئرمین ریلویز کو فنانس کے معاملات میں بہتری سے متعلق ریلوے کی آمدن کو کس طرح بڑھانا ہے اور اس کی پلاننگ کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔ جس پر چیئرمین ریلویز نے کہا کہ بزنس ڈویلپمنٹ ایڈوائزراور آپ دونوں ملکر ریلوے کی آمدن بڑھانے کے حوالے سے ترجیحات کا تعین کریں کہ اس میں کیسے بہتری لائی جاسکتی ہے تاکہ آپ ریلوے میں مزید آمدن حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوں ۔ آپ لوگوں نے ٹیم کی طرح کام کرنا ہے یہ باتیں تمام لوگوں کے لیے ہیں۔ چیئرمین ریلوے نے مزید کہا کہ عید کی چھٹیوں میں ٹریک انسپکشن اور ویجلنس پر فوکس کرنا ہوگا تاکہ ٹرین آپریشن میں کوئی کوتاہی نہ رہے اور مسافروں کو باحفاظت منزل مقصود پر پہنچایا جاسکے۔ اجلاس میںچیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز نثاراحمدمیمن، سیکرٹری ریلوے بورڈ ظفر زمان رانجھا، فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹرآف ریلویز فرخ تیمور غلزئی، اے جی ایم انفراسٹرکچر آصف متین زیدی، اے جی ایم مکینیکل سلمان صادق شیخ، چیف فنانس آفیسرمحمد حامد محمود ، بزنس ڈویلپمنٹ ایڈوائزرفاروق حیدر شیخ،چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ (سی او پی ایس) سفیان سرفراز ڈوگر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نازیہ جبین اور دیگر افسران موجود تھے۔ #/s#
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں