اسلام آباد (پی این آئی) پنجاب میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح دوسرے صوبوں سے زیادہ ہوگئی، اب تک پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا سے اموات کی شرح 48 فیصد رہی، سندھ میں 24.68 فیصد، خیبرپختونخوا میں 19.32 اور بلوچستان میں 1.4 رہی، شہروں میں سب سے زیادہ اموات کی شرح کراچی میں 20 فیصد اور لاہور میں19.5 فیصد رپورٹ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح سب سے زیادہ پنجاب میں 48 فیصد رہی ہے۔ صوبوں کے لحاظ سے کورونا سے اموات کی شرح پنجاب کے بعد سندھ میں 24.68 فیصد رہی ہے، خیبر پختونخوا میں 19.32 اور بلوچستان میں 1.4 رہی ہے۔ شہروں میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات 20 فیصد شرح کراچی میں رپورٹ ہوئیں، جہاں پر4 ہزار 505 افراد عالمی وباء کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں، لاہور میں شرح اموات 19.5 فیصد رپورٹ ہوئیں۔دوسری جانب ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ سے قبل ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 48 ہزار 134 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1828 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ این سی اوسی نے مزید بتایا کہ ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 971,304 ہوگئی ہے جن میں سے 912,295 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس کورونا وباء نے مزید 35 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس کورونا وباء سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 555 ہوگئی ہے۔ جب کہ مثبت کیسز کی شرح 3.79 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں