میرپور( آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مظفرآباد میں سلیکٹیڈ حکومت نہیں بننے دینگے، پچیس جولائی کو کشمیر کے عوام تبدیلی کی تباہی سے بچائیں ۔ کشمیر کو کسی کے حوالے نہیں کر سکتے ۔جن لوگوں نے پیپلزپارٹی کے ساتھ بے وفائی کی ہے اب اس کا حساب لیں گے۔ آزاد کشمیر میں وزیر اعظم پیپلز پارٹی کا ہو گا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کے لیے جیالے محنت کریں۔الیکشن میںجیت پیپلز پارٹی کی ہو گی۔میرپور کے لوگوں نے بہت محبت دی ہے ۔ چودھری اشرف پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں ان کی کامیابی کے لیے کارکنان محنت کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میرپور آمد پرقائد اعظم چوک میں امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے تھری چودھری محمد اشرف کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، سابق سینئر مشیر چودھری ریاض کے علاوہ دیگر پارٹی قائدین بھی موجود تھے۔ استقبالیہ تقریب سے امیدوار اسمبلی چودھری محمد اشرف نے خطاب میں کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی میرپور آمد ہم سب کے لیے خوش آئند ہے۔ اہل میرپور اور پارٹی کے جیالوں نے جس محبت سے استقبال کیا وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ میرپور کی سیٹ پارٹی قیادت کو جیت کر دکھائیں گئے۔لوگ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں لوگوں کی محبت پیپلز پارٹی کے ساتھ وابستہ ہے۔پیپلز پارٹی کا پرچم ہمیشہ بلند رکھیں گئے۔اس موقعہ پر میرپور کے تمام بڑے سیکٹرز فاضل چوک، موہڑہ دولو، بن خرماں، کلیال، بی تھری۔ایف ون،ایف ٹو اور دیگر علاقوں سے ریلیاں قائد اعظم چوک میرپور میں جمع ہوئیں۔ چوک کو پیپلز پارٹی کے جھنڈوں سے سجایا گیا تھا۔ ریلی کے شرکاء نے پیپلز پارٹی کے جھنڈے ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے۔ ساونڈ سسٹم میں پیپلز پارٹی کے روایتی پارٹی ترانے لگائے گئے۔ جیالوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ جیئے بھٹو،جیئے بینظیر اور جیئے بلاول کے نعروں سے فضا گونج اٹھی ۔ خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی چیئرمین بلاول بھٹو کے استقبال کے لیے ریلی میں شریک ہوئی۔ شدید گرمی کے باوجود شہریوں کی بھی کثیر تعداد موجود تھی۔ بلاول بھٹوزرداری کی آمد کا وقت دن 2.30 بجے کا تھا لیکن وہ 4.30بجے میرپور قائد اعظم چوک پہنچے۔جہاں امیدوار اسمبلی چودھری محمد اشرف نے اپنے ساتھیوں سمیت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شاندارا ستقبال کیا۔ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی گاڑی میں ہی کھڑے ہو کر خطاب کیا۔ اس موقعہ پر ان پر گل پاشی بھی کی گئی۔استقبالیہ تقریب میں سابق ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور خواجہ ساجد پہلوان، سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر چودھری بابر شہزاد بھی الگ الگ اپنے اپنے سیکٹرز سے بہت بڑی ریلی لے کر قائد اعظم چوک پہنچے۔ اس مختصر تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض صاحبزادہ زوالفقار علی نے ادا کیے۔جبکہ پارٹی کے جیالوں۔کارکنوں۔سٹی تنظیم،حلقہ کی تنظیم،یوتھ،پی ایس ایف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ استقبالیہ ریلی کے موقعہ پرسٹی پولیس اور ٹریفک پولیس موجود تھی جہاں انہوں نے ٹریفک کو بحال رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں