وادی نیلم / آزاد کشمیر (آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں وفاداریاں تبدیل کروانے کی کوشش کر رہی ہے ، عمران خان بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف ایک کے بعد دوسرا مقدمہ بناتا ہے ۔ لیڈرز کو چور، ڈاکو کہتا ہے اور یہ بھی جانتا ہے کہ اگر عوامی نمائندے کسی جماعت کے پاس ہیں تو وہ مسلم لیگ (ن) ہے ۔ جمعہ کو وادی نیلم آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کبھی کسی کو عہدے کا لالچ دیتا ہے کبھی پیسے اور کبھی حکومت کا لالچ دیتا ہے ، لیکن ہم نہیں جھکیں گے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی عوام کبھی کسی ایسے شخص کے ہاتھ میں اقتدار نہیں دے گی جو کہتا ہے امریکی صدر ٹرمپ ثالثی کرے گا ، ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں اور بعد میں کشمیر کے عوام کو پتاچلا کہ عمران خان کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینک آیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی کبھی کسی کشمیر فروش کے ہاتھ کشمیر کی حکومت نہیں دینگے اور یہ نعرہ زبان زد عام ہے کہ بچہ بچہ کٹ جائے گا لیکن کشمیر صوبہ نہیں بنے گا ، قائد اعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے لیکن شہ رگ کو کاٹنے والے کا نام عمران خان ہے جو شخص پاکستان کی شہ رگ کاٹ کے آچکا ہے اب آزاد کشمیر کو بھی پاکستان سے کاٹنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے لیکن کشمیری عوام ایسا کبھی ہونے نہیں دینگے ،کشمیری کبھی ایسے بزدل انسان جو کشمیر کو پھینک کر آ جائے اور کہے کہ میں کیا کروں تو اس کو کبھی اپنے ووٹ نہیں دینگے جو انسان بے بسی کی تصویر بن کر کہے کہ مودی اور امریکی صدر میرا فون نہیں اٹھاتا اس کے ہاتھ کبھی اپنی تقدیر نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی اور عمران خان نے آکر دوبارہ شروع کر دی ہے، ملک میں آٹا ، چینی ، ڈیزل کچھ بھی دستیاب نہیں ہے ، مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ الیکشن چوری کرنے والوں کے خلاف کشمیری عوام سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونگے اور ڈسکہ کی عوام کی طرح ڈٹ کر کھڑے ہونگے ۔ اب ووٹ کو عزت دلا کر رہیں گے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں