اسلام آباد (پی این آئی ) لڑکا لڑکی تشدد کیس میں عثمان مرزا کے پانچویں ساتھی بلال مروت کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام اباد میں جوڑے کو برہنہ کرکے ان پر تشدد کیس کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں ایس پی صردر زون فاروق امجد بٹر کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے پانچویں ساتھی بلال مروت کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا ، خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ پانچویں ملزم کی گرفتاری سے مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لڑکے لڑکی کو برہنہ کرکے تشدد کرنے کے معاملے میں پولیس نے ایک ماہ میں کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا ، ملزمان کے نام پاسپورٹ واچ لسٹ پر ڈالے جائیں گے ، پولیس کی جانب سے ایف آئی اے کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے جس کی بناء پر ملزمان کے نام پاسپورٹ واچ لسٹ میں شامل کیے جائیں۔خاص بات یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں نوجوان جوڑے پر تشدد اور نازیبا ویڈیو کیس میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اس سلسلے میں انہوں نے آج آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان سے ملاقات کی اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے متعلق استفسار کیا جہان آئی جی اسلام آباد نے وزیراعظم کو کیس پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا اور تمام معاملے سے متعلق بریفنگ دی، جس میں متاثرہ لڑکے لڑکی کے بیانات اور پولیس کی تفتیش سے متعلق آ گاہ کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ تفتیش کو ہر پہلو سے آگے بڑھایا جائے ، وزیراعظم نے کیس میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے پولیس کو کیس منطقی انجام تک پہنچانے اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دینے کی بھی ہدایت کی۔یاد رہے کہ کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ ایک شخص لڑکے اور لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے جب کہ وہ لڑکے کو مارتے ہوئے مغلظات بھی بک رہا ہے، ملزم کی اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے پرانی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ ئیں ، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئیں اور ویڈیو آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان تک پہنچیں تو انہوں نے وقوعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو ملزمان کو گرفتارکرنے کا حکم دیا جب کہ سلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت نے بھی یقین دہانی کروائی کہ مقدمے میں نامزد یا ویڈیو میں نظر آنے والے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ عثمان مرزا گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے، متاثرین کی جانب سے شکایت درج نہ کروانے پر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ، اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ میں ملزمان کے خلاف تشدد اور غیر اخلاقی ویڈیو بنانے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ، جس میں اسلام آباد پولیس کے سب انسپیکٹر مدعی ہیں ، ایف آئی آر کے مطابق واقع ای الیون ٹو میں واقع اپارٹمنٹس میں پیش آیا، اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے ملزم عثمان مرزا کو چند گھنٹوں میں ہی گرفتار کر لیا جب کہ اب تک اس واقعہ میں ملوث پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں