پنشنز میں بڑا اضافہ، ریٹائرڈ ملازمین کو خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی ) پنشنرز کیلئے 2 سال بعد بڑی عیدی کا اعلان، وفاقی وزارت خزانہ نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو 2 سال بعد ریلیف فراہم کر دیا گیا۔ وزارت خزانہ نے وفاقی اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق یکم جولائی سے پنشنرز کی پنشن میں 10 فیصد اضافہ کر دیا گیا۔وفاقی حکومت نے 2 سال بعد پہلی مرتبہ پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 25 سے 30 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم وزارت خزانہ نے تنخواہوں اور پنشن میں صرف 10 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔وفاقی حکومت کے علاوہ خیبرپختونخواہ حکومت نے بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا اعلامیہ جاری کر دیا۔تنخواہوں اور الاؤنسز میں یہ اضافہ رواں ماہ کی تنخواہ میں ملے گا۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کو یکم جولائی سے 2017 کے بیسک پے سکیل کے مطابق جاری بنیادی تنخواہ پر 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملے گا۔ ایڈہاک ریلیف الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ اسی طرح تمام صوبائی سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ الاؤنس میں کم از کم 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔جس کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں عید سے پہلے جاری کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ، جس کے بعد وزارت خزانہ تنخواہیں جاری کرنے کے لیے متحرک ہوگئی، وزارت خزانہ نے سرکاری ملازمین کو عید سے پہلے تنخواہیں جاری کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحٰی سے پہلے 16 جولائی کو ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے انتظامات کیے جائیں۔ وفاقی حکومت کے علاوہ پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے بھی سرکاری ملازمین کو عید سے قبل تنخواہیں اور پنشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں صوبوں کے سرکاری ملازمین کو 16 جولائی تک ایڈوانس تنخوا اور پنشن موصول ہو جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close