وزیراعظم عمران خان کی سی ڈی اے پلاننگ ونگ کی تشکیل نو کے احکامات انتظامیہ نے ہوا میں اڑادیئے

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم عمران خان کی سی ڈی اے پلاننگ ونگ کی تشکیل نو کے احکامات سی ڈی اے انتظامیہ نے ہوا میں اڑادیئے ، وزیراعظم کا سرمایہ کاری لانے اور کرپشن فری پاکستان کے وڑن کی راہ میں سی ڈی اے پلاننگ ونگ کے ڈائریکٹر ہائوسنگ سوسائٹیز فرا ز ملک بڑی رکاوٹ بن گیا ،پلاننگ ونگ کے سب سے پرانے اور مشہور ڈائریکٹر ہائوسنگ سوسائٹیز اپنے فرنٹ مین کے ذریعے وزیراعظم کے وژن کے مطابق آنے والی سرمایہ کاری کو حسب معمول اپنی کرپشن کی نذر کرنے لگا، ڈائریکٹر ہائوسنگ سوسائٹیز نے اسلام آبادجی ٹی روڈ زون 5میں اپنے فرنٹ مین تیمور عباسی کے ذریعے 40کمرشل منصوبوں سے ایک ارب 20کروڑ روپے بطور رشوت وصول کرلئے ، ڈائریکٹر موصوف زون 5جی ٹی روڈ کے کمرشل منصوبے جوکہ ڈائریکٹر رورل پلاننگ (RP) کے ماتحت آرہے تھے کو بڑی خوبصورتی سے ممبر پلاننگ سے ڈائریکٹر ہائوسنگ کے ماتحت کروایا ،ممبر پلاننگ بھی اس کاروائی کے بعد موصوف کی کرپشن میں حصہ دار نظر آرہے ہیں ،سی ڈی اے کے اہلکاروں اور پراجیکٹ مالکان کا کہناہے کہ ممبر پلاننگ نوید الٰہی جو کہ ان دنوں بیماریوں کے بہانے چھٹیوں پر ہیں وہ وزیراعظم کے تشکیل نو کے احکامات پورے نہیں کررہے تھے جس کی وجہ سے وہ گھر بیٹھے انہی فائلوں پر کام کررہے جن فائلوں پر ڈائریکٹر موصوف ان کو کرنے کا کہتے ہیں ،ڈائریکٹر موصوف نے/1 G-10بیلا روڈ مکان نمبر1 گلی نمبر34میں رہائشی گھر میں اپنے فرنٹ مین تیمور عباسی کے ذریعے ایک پرائیویٹ کمرشل کنسلٹنسی کمپنی بنار کھی ہے جس کے ذریعے اسلام آباد میں بننے والے منصوبوں سے مختلف حیلے بہانوں سے رشوت وصول کی جاتی ہے ،ڈائریکٹر موصوف صرف انہی منصوبوں کو اپروو کرتے ہیں جو تیمور کی کنسلٹنسی کمپنی کے ذریعے اپلائی کرتے ہیں دیگر تمام منصوبوں کو حیلے بہانوں سے ٹال دیا جاتاہے اورانہیں بلیک میل کیا جاتاہے ، جس کی وجہ سے کئی بڑے منصوبے التوا ئ￿ کا شکار ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ملک میں آنے والی اندرون و بیرونی سرمایہ کاری بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ،ڈائریکٹر فراز ملک کے فرنٹ مین تیمور عباسی نے انہی ڈائریکٹر کی آشیر باد سے سی ڈی اے کے دیگر افسران کے ساتھ لڑائیاں اور بد تمیزیاں روز کا معمول بنا لی ہیں ، آئے روز کسی نہ کسی سی ڈی اے افسر یا اہلکار سے لڑائی اور تلخ کلامی ہوتی ہے ، جس میں تیمور عباسی فراز ملک کی آشیر باد سے سی ڈی اے افسران و اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر سنگین کی نتائج کی دھمکیاں دیتا ہے ، تیمور عباسی کی کنسلٹنسی کمپنی کے ذریعے آنے والے منصوبوں میں سی ڈی اے بائے لاز کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجودڈائریکٹر ہائوسنگ سوسائٹیز منظوری دے دیتے ہیں جبکہ دوسری جانب سینکڑوں منصوبے تمام تر قانونی تقاضے پورے ہونے کے باوجود جان بوجھ کر التوا کا شکار کئے جارہے ہیں جس پر ان منصوبوں کے مالکان میں شدید غم و غصہ پایاجاتاہے ،اور متعلقہ سرمایہ کار سی ڈی اے پلاننگ ونگ کے کرپشن اور رویہ سے نگ آکر اپنی سرمایہ کاری روکنے پر مجبور ہیں ، سرمایہ کاروں کا اس حوالے سے کہناہے کہ وزیراعظم عمران خان اگر سی ڈی اے کو ان کرپٹ ٹولے کے چنگل سے آزادنہ کرسکے تو ہم اپنی سرمایہ کاری بیرون ملک لے جانے پر مجبور ہونگے ، سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں سرمایہ لانے کیلئے شبانہ روز محنت کررہے ہیں مگر کچھ عناصر جو کہ مختلف اداروں میں عرصہ دراز سے ایک ہی سیٹ پر براجمان ہیں اپنی رشوت ستانی کی وجہ سے ان کی اس ساری محنت پر پانی پھیرنے میں مصروف عمل ہیں ، یاد رہے کہ چند ہفتے قبل ہی وزیراعظم عمران خان نے سی ڈی اے پلاننگ ونگ میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے پلاننگ ونگ کی تشکیل نو کے احکامات جاری کئے تھے جنہیں سی ڈی اے انتظامیہ نے بالائے طاق رکھتے ہوئے اْسی پرانے سیٹ اپ کو برقرار رکھا ہو اہے جس میں ایک مخصوص لابی کام کررہی ہے خصوصاً ڈائریکٹر ہائوسنگ سوسائٹیز جو کہ عرصہ دراز سے اسی پلاننگ ونگ میں تعینات ہیں نے اپنی جڑیں مختلف ہائوسنگ سوسائٹیز میں پھیلا رکھی ہیں اور شہر کے دیگر علاقوں میں بھی کرپشن کا ایک نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے جس کے ذریعے نہ صرف ڈائریکٹر موصوف اربوں کی کرپشن کررہے ہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان کے کرپشن سے پاک پاکستان کے وڑن کو سبوتاژ کرتے ہوئے مملکت خداداد کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچارہے ہیں۔ #/s#

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں