پاکستان میں کورونا وائرس کی تین انتہائی مہلک اقسام دریافت، ماہرین کو بھی چکرا کر رکھ دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان میں کورونا وائرس کی تین اقسام ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت صحت پاکستان نے ملک میں پائے جانے والی کورونا وائرس کی اقسام کی تفصیلات جاری کر دیں۔ ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی کرونا وائرس کی صورتحال پر گہری نظر ہے، ادارہ کرونا وائرس کی مختلف اقسام مانیٹر کر رہا ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق مئی کے آخر میں اور جون کے پہلے پندرہ دنوں میں مریضوں کے سیمپل لیے گئے تھے۔ ان سیمپلز میں ڈیلٹا(ہندوستانی)، بیٹا (جنوبی افریقی) اور الفا (یوکے) کی مختلف اقسام کی تشخیص ہوئی۔ اعداد و شمار کو این آر ایچ کے فیلڈ ایپیڈیمولوجی اینڈ ڈیزیز سرویلنس ڈویژن اور دیگر متعلقہ قومی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا گیا ۔سیمپلز میں یوکے، انڈین اور ساؤتھ افریقن وائرس کی اقسام سامنے آئیں۔معلومات کو این آئی ایچ کی سرویلنس ڈویژن بھی بھیج دیا گیا ہے۔ سرویلنس ڈویژن کورنٹائن اور کنٹیکٹ ٹریسنگ کے ذریعے اس پر مزید کام کرے گا۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان میں موجود کورونا وائرس کی مختلف اقسام کی موجودگی کی نگرانی کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے وار تاحال جاری ہیں۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 25 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 452 ہوگئی۔ جبکہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 64 ہزار 490 ہوگئی۔ ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 33 ہزار390 ہے اور 9 لاکھ 8 ہزار648 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں ویکسین لگوانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 19 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹے میں مثبت کیسز کی شرح 2.22 فیصد رہی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close