طلبا کا امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ، ن لیگ بھی میدان میں آگئی، طلبہ کے حق میں آواز بلند کر دی

اسلام آباد (پی این آئی)میں وزیر تعلیم شفقت محمود کی ہٹ دھرمی اور بے حسی کی شدید مذمت کرتا ہوں، طلبہ و طالبات کا مطالبہ جائز، سینئر لیگی رہنما احسن اقبال نے حکومت سے امتحانات فوری طور پر ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے گئے اپنے ایک ٹویٹ میں ن لیگ کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ میں وزیر تعلیم کی ہٹ دھرمی اور بے حسی کی شدید مذمت کرتا ہوں- طلبہ و طالبات کا مطالبہ جائیز ہے- امتحانات کو کم اِز کم 45 دن کے لئے ملتوی کر کے انہیں کورس مکمل کروایا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ سے پیوستہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ تعلیم کا پہلے ہی بہت نقصان ہوچکا ہے،امتحان منسوخ نہیں ہوں گے، طالب علم پڑھائی جاری رکھیں ادھر اُدھر کی باتوں پر دھیان نہ دیں،گزشتہ سال بھی تعلیم کا بہت حرج ہوا ، بہت دیر تک سکول بند رہے، بہت ساری کمی کو پورا کرنا ہے، سکول کھولنے کا فیصلہ صوبوں پر ہے، پچھلے سال جو امتحان ملتوی کئے گئے سب بچوں کو پاس کیا، اس سال سب صوبائی وزرا ء نے فیصلہ کیا امتحانات ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے فرزانہ عاقب کی شاعری کی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ شفقت محمود نے کہا کہ فیسوں کا معاملہ پنجاب حکومت دیکھے گی، یہ طے ہے کہ امتحانات ملتوی نہیں ہوںگے ، طالب علم اس امید پر ہیں کہ امتحان کینسل ہوںگے ، صحت کو خطرے میں ڈالے بنا جس قدر ممکن ہو سکول کھلنے چاہئیں ،تعلیم کا پہلے ہی بہت نقصان ہوچکا ہے، طالب علموں کو کہوں گا کہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق ہی امتحان ہوںگے اس لئے اپنی پڑھائی جاری رکھیں۔جو پڑھائی اسکول میں ہو سکتی ہے وہ آن لائن نہیں ہو سکتی ،بچوں کی صحت کو نقصان پہنچائے بغیر تعلیم کے نقصان کو پورا کرنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ صوبوں کو مکمل اختیار ہے کہ چھٹیاں کریں یا نا کریں ،اس دفعہ غیر معمولی حالات ہیںاب سکولوں کو کھلنا چاہیے ۔

close