افغانستان صورتحال سے امریکہ کنفیوز، بھارت مشکل میں ہے، وزیراعظم

گوادر (آئی این پی ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان سے امریکی و اتحادی فوج کے انخلاء سے خطے کی صورتحال بہت سنگین ہے ، امریکی حکام کو خود سمجھ نہیں آرہا ہے کہ افغانستان میں آئندہ کیا ہوگا ، تفصیلات کے مطابق پیر کے روز دورہ گوادر کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ خطے میں ہندوستان سب سے زیادہ مشکل میں ہے ،ہندوستان نے افغانستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے ، ہندوستان اس مشکل کا شکار ہے کہ اگر افغانستان میں عدم استحکام ہوا اور افغان طالبان افغانستان میں حکومت قائم کر لی تو پھر ان کی سرمایہ کاری کا کیا بنے گا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے ۔ امریکہ کے نکل جانے سے انہیں بھی سمجھ نہیں ہے افغانستان میں کیا ہو رہا ہے ۔ اور آئندہ ایک ماہ میں وہاں کیا حالات ہونے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سب سے بڑی شکست ہندوستان کو ہو گی اور ثابت ہو چکا ہے کہ ہندوستان دہشتگردی میں ملوث ہے ۔ لاہور میں دہشتگردی کے پیچھے ہندوستان کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے معاملے پر واضح موقف اپنایا ہے اور اس پر مکمل طریقے سے قائم ہے ۔ ہمارا موقف ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغان فریقوں کو کرنا ہے جب کہ اگر دنیا نے افغانستان پر توجہ نہ دی تو وہاں مزید خونریزی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں