کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، این سی او سی نے اہم فیصلہ کر لیا

اسلام آباد(آئی این پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے کورونا سے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، تفصیلات کے مطابق پیر کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی صدارت این سی اوسی کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں کورونا سے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ریسٹورنٹ، ان ڈور جیمنیزیم، شادی ھال، ٹرانسپورٹ،مارکیٹس، سیاحت اور دیگر سیکٹرز میں کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں سخت پابندیوں کا فیصلہ لیا جا سکتا ہے ، اس حوالے سے تمام چیف سیکرٹریز پر مشتمل این سی او سی کا خصوصی اجلاس بلا لیا گیا ہے جس میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جائے گا، اس سلسلے میں ایس او پیز کے نفاز کا ایک سخت میکانزم اور تمام اکائیوں میں ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ویکسینیشن کے تصدیقی پورٹل کا اجرا کر دیا گیا ہے،اس پورٹل کا مقصد تصدیقی عمل کو ان جگہوں پر ممکن بنانا ہے جہاں داخلے کے لئے ویکسینیشن لازمی ہے ،تمام ویکسینیٹنگ سٹاف اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ویکسین لگواتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا ویکسینیشن ریکارڈ نیشنل ایمیونائزیشن مینیجمنٹ سسٹم (NIMS)میں درج کر دیا گیا ہے،این سی او سی نے تمام اکائیوں کی مشاورت سے کوویڈ ویکسین مراکز کے ان مقامات کی تعداد میں اضافہ کیا ہے جہاں موڈرنا ویکسین لگائی جائے گی ، منگل(آج) سے 59مراکز میں سے پنجاب میں 15، سندھ میں 10، کے پی کے میں 14، بلوچستان میں 4، آئی سی ٹی اور اے جے کے میں 5،5اور جی بی کے 6مقامات شامل ہیں پر موڈرنا ویکسین لگائی جائے گی، اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان میں تعلیمی ادارے کھلنے سے پاکستان میں زیر تعلیم 3ہزارافغانی طلبا کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، یہ طلبا پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ، اجلاس کو بتایا گیا کہ طلبا کی آمد پر کورونا ٹیسٹنگ کے موثر انتظامات کیئے گئے ہیں ،مثبت کیسزوالے طلبا کو واپس بھیجا جائے گا ، جبکہ باقی طلبا کو 10دن کے لئے لازمی قرنطینہ میں رکھا جائے گا ، اس قرنطینہ کے اختتام پہ طلبا کو ویکسین لگانے کے عمل سے گزارا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close