’ عمران خان کے علاوہ کوئی اور چوائس نہیں‘ شاہد خاقان عباسی نے بھی اعتراف کر لیا

لاہور (پی این آئی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں آج اسٹیبلشمنٹ کے پاس عمران خان کے علاوہ کوئی اور چوائس نہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو میں کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پاؤں پکڑنے کی بات کھلے عام نہیں کرنی چاہئیے تھی۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی اپنی رائے ہے لیکن بہت ساری باتیں کھلے عام کرنے والی نہیں ہوتیں۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ نہیں بولنا چاہئیے،لیکن سارا سچ بولنے کی بھی ضرورت نہیں تھی،شہباز شریف نے جذبات میں آکر بات کی تھی لیکن میں ان کی طرف سے ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں کہ غلطی ہو گئی ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے نواز شریف کی حکومت گرائی اور عمران خان کو بچا رہے ہیں۔آج اسٹیشبلشمنٹ کے پاس عمران خان کے علاوہ کوئی اور چوائس نہیں ہے کیونکہ سودا خریدنے کو کوئی تیار نہیں ہے اور ہم چوائس نہیں بن سکتے اور سودا کرکے اقتدار نہیں چاہتے۔شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا کہ نیوٹرل اسٹیبلشمنٹ صرف ہمارا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مطالبہ ہے۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ رانا تنویر کے بیانئے میں ابہام لگتا ہے کہ تو میں حاضر ہوں، مجھ سے بات کریں۔قبل ازیں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ الیکشن چوری کر کے حکومت میں آئے تھے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن چوری ہوتے ہیں اور ساری دنیا جانتی ہے کہ کیوں اور کیسے چوری ہوتے ہیں۔جس پر اینکر نے سوال کیا کہ آپ بھی 2013 میں الیکشن چوری کر کے حکومت میں آئے تھے۔ جس پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہر الیکشن چوری ہوتا ہے میں بھی الیکشن چوری کر کے حکومت میں آیا میرا کیا کر لیں گے آپ۔ انہوں نے کہا کہ ہر الیکشن کے اپنے محرکات ہوتے ہیں کوئی کسی کسی کی طاقت کم کرنے کے لئے ہوتا ہے اور کوئی الیکشن کسی کی طاقت زیادہ کرنے کے لیے ہوتے ہیں۔کسی کو اسمبلی میں لانے کے لیے ہوتے ہیں۔ اب یہ جو میں بات کر رہا ہوں اس کے بعد مجھے اپنا الیکشن بھی مشکل نظر آتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close