اسلام آباد(پی این آئی)نامور اینکر پرسن ارشد شریف نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نوجوان صحافی صدیق جان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا،تفصیلات کے مطابق اینکر پرسن ارشد شریف، عدیل راجہ اور ان کے ٹیم ممبرز کا نوجوان صحافی صدیق جان پر بدترین تشدد، موبائل فون بھی توڑ ڈالا۔صدیق جان اور ارشد شریف کے درمیان کافی عرصے سے سوشل میڈیا پر چپقلش چل رہی تھی۔ گوادر میں صدیق جان اور ارشد شریف کا سامنا ہوا تو ارشد شریف، ان کے پروگرام پاور پلے کے پروڈیوسر عدیل راجہ اور ان کی ٹیم کے دو افراد نے صدیق جان پر حملہ کر دیا۔ ارشد شریف اور ان کے ساتھیوں نے صدیق جان کو نیچے گرا کر گھونسوں اور لاتوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔موقع پر موجود ذرائع کے مطابق صدیق جان کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور وہ زخمی ہیں۔ عدیل راجہ اور ان کے 2 اور ساتھیوں نے صدیق جان کے بازو اور ٹانگیں پکڑے رکھیں اور ارشد شریف خود صدیق جان کو مارتے اور غلیظ گالیاں دیتے رہے۔ ارشد شریف اور اس کے ساتھیوں نے صدیق جان پر تشدد کے ساتھ ان کا موبائل فون بھی توڑ دیا۔ جس کی وجہ سے صدیق جان کا موقف ابھی سامنے نہیں آ رہا۔معروف اینکر پرسن اسد اللہ خان نے اس واقعے کے حوالے سے بتایا کہ دونوں صحافیوں کی سوشل میڈیا پر پہلے ہی سے کافی تکرار ہو چکی ہے، جبکہ ارشد شریف نے موقع دیکھ کر صدیق جان پر حملہ کر دیا اور ان کا موبائل بھی توڑ دیا، انہوں نے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں