اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم عمران خان نے لاہور دھماکے کے شواہد پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس گھنائونے دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی اور استعمال ہونے والے سرمائے کی کڑیاں پاکستان کیخلاف بھارتی پشت پناہی سے ہونے والی دہشتگردی سے ملتی ہیں،عالمی برادری اس بدمعاشی کیخلاف بین الاقوامی ادارے حرکت میں لائے،ملکی عسکری وسول انٹیلی جنس اداروں کے مابین عمدہ کوآرڈینیشن کو سراہتا ہوں۔اتوار کوسماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ میں نے آج اپنی ٹیم کو جوہر ٹائون، لاہور میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات سے قوم کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پنجاب پولیس کے شعبہ انسدادِ دہشتگردی نے جس محنت اور رفتار سے شواہد اکٹھے کئے وہ قابل تحسین ہے۔ میں اپنے تمام عسکری وسول انٹیلی جنس اداروں کے مابین عمدہ کوآرڈینیشن کو سراہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس کوآرڈینیشن نے دہشتگردوں اور ان کے عالمی روابط کی نشاندہی کی،پھر سے اس گھنائونے دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی اور استعمال ہونے والے سرمائے کی کڑیاں پاکستان کیخلاف بھارتی پشت پناہی سے ہونے والی دہشتگردی سے ملتی ہیں۔وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بدمعاشی کیخلاف بین الاقوامی ادارے حرکت میں لائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں