آر ڈی اے کا غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت ایکشن

راولپنڈی(آن لائن)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی(آر ڈی اے) کی ہدایات کی روشنی میں میٹرو پولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے۔میٹرو پولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ (ایم پی اینڈ ٹی ای) نے بلیو ورلڈ سٹی،چکری روڈ راولپنڈی نامی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کو نوٹس جاری کیا ہے کہ وہ غیر قانونی تشہیر،تقاریب اور ترقیاتی کام روک دیں ۔ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای نے مذکورہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ فوری طور پر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں غیر قانونی اشتہارات روک دیں۔انہوں نے کہا کہ ہے کہ یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ آپ نے غیر قانونی سکیم سائیڈ پر اوورسیز بلاک کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا ہے اور معروف کرکٹر شاہد آفریدی کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ عام عوام کی توجہ حاصل کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے پہلے ہی قانونی ایکشن لے چکا ہے اور متعدد ایف آئی آرز متعلقہ پولیس تھانے میں درج کرائی جاچکی ہیں۔اس کے ساتھ ہی پلاننگ اجازت نامہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مذکورہ تقریب کا انعقاد بذات خود یہ ثابت کرتا ہے کہ آپ عادتاً قواعد وضوابط و قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں اور اس طرح قانون کی رٹ کو چیلنج کررہے ہیں۔یہ تقریب آپ کی سکیم کی تشہیر کے زمرے میں آتی ہیں اور پنجاب ڈیولپمنٹ آف سٹیز ایکٹ1976 کے ساتھ ساتھ پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم اور لینڈ سب ڈویژن رولز 2010 کی بھی خلاف ورزی ہے۔غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے مالک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ تقریب کو منسوخ قرار دیں ورنہ اس کا عام عوام میں غلط تاثر جائے گا ۔ نوٹس پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں آپ کے خلاف آر ڈی اے قواعد وضوابط کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔آر ڈی اے کی جانب سے عام عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی،غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیم میں کسی قسم کی سرمایہ کاری نہ کریں جسے آر ڈی اے کی جانب سے غیر قانونی قرار دیا جاچکا ہے۔آر ڈی اے نے آئیسکو،سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ اور پی ٹی سی ایل سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ ان غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کو خدمات فراہم نہ کریں کیونکہ یہ غیر منظور شدہ اور غیر قانونی قرار دی جاچکی ہیں۔آر ڈی اے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی کمرشل و رہائشی تعمیراتی سرگرمیوں،بکنگ آفسز کے خلاف سخت ایکشن لے اور کسی قسم کے خوف یا حمایت کے بغیر تجاوزات کو ختم کیا جائے

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں