عید قرباں، جانوروں کی خریداری، قربانی اور نماز کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری

اسلام آباد(آئی این پی)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عیدالاضحی اور مویشیوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری کردیں،تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر ملک بھر میں مویشی منڈی قائم کردی گئیں ہیں جبکہ کراچی میں قائم ہونے والی ایشیا کی سب سے بڑی سہراب گوٹھ مویشی منڈی کی رونقیں بھی عروج پر پہنچ گئیں ہیں،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے مویشیوں کی خرید و فروخت، منڈیوں اور عیدالاضحی کے حوالے سے ایس او پیز جاری کیں، جس کے مطابق مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگانے کی ہدایت کی گئی ہے،این سی او سی کی جانب سے جاری ہونے والی گائیڈ لائن کے مطابق مویشی منڈی جانے والے تاجر اور عملے کو کرونا ویکسین لگوانا لازمی ہے جبکہ شہریوں کو بھی کم از کم ایک ویکسین لگوانے والے شہریوں کو تصدیق کے بعد اجازت دی جائے گی، منڈیوں کا قیام میدانی یا کھلی فضا والے مقام پر کیا جائے،این سی او سی نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جانوروں کی آن لائن خرید و فروخت کی حوصلہ افزائی کی جائے اور منڈی میں تاجروں اور خریداروں کے درمیان سماجی فاصلہ، ماسک کو لازمی قرار دیا جائے، شہریوں کا داخلی دروازوں پر بخار چیک کیا جائے اور سینیٹائزر سمیت دیگر ضروری آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ہدایت کی کہ منڈیوں میں کرونا سے بچا اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے نوٹس و بینرز آویزاں بھی کیے جائیں جبکہ ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے،بیوپاریوں اور خریداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آپس میں ہاتھ نہ ملائیں، ویکسین کے بغیر کسی بیوپاری کو کاروبار جبکہ شہری کو داخلے کی اجازت نہ دی جائے، منڈی میں داخل ہونے والوں کو ماسک کے ساتھ دستانے پہننے کا پابند کیا جائے،این سی او سی اور محکمہ صحت نے سفارش کی کہ جانوروں کو رہائشی علاقوں سے دور ذبح کیا جائے، اس دوران لازمی افراد کے علاوہ دوسروں کو کھڑے نہ ہونے دیا جائے جبکہ قربانی کے وقت فیس ماسک اور دستانوں کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور ہاتھوں کو ہر تھوڑی دیر بعد صابن سے دھو کر سینیٹائز کیا جائے،مراسلے کے مطابق قربانی کے بعد اس مقام پر جراثیم کش محلول اور پانی سے دھویا جائے، اگر ممکن ہو تو قربانی کرتے ہوئے ڈسپوزیبل کپڑے استعمال کیے جائیں ورنہ قربانی کے بعد اپنے کپڑوں کو اچھی طرح دھویا جائے،محکمہ صحت کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شہری نمازِ عید کے لیے گھروں سے وضو کر کے جائیں، آپس میں سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں اور ماسک کا لازمی استعمال کریں، اس کے ساتھ ہی ہاتھ ملانے اور بغل گیر ہونے سے گریز کریں،مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ نماز عید کے خطبات کو مختصر رکھا جائے اور علما حضرات کرونا سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل کی ترغیب دیں، نماز عید کے 10منٹ بعد مساجد بند کر دی جائیں، بیمار، 15برس سے کم اور 60سال سے زیادہ کے نمازی عید گاہ جانے سے گریز کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں