اسلام آباد(پی این آئی) کابل اور اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار پروازوں کا آغاز،سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افغان ایئرلائن آریانہ کوپاکستان کیلئے پروازوں کی اجازت دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افغان ایئر لائن آریانہ کو پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔سول ایوی ایشن کی جانب سے افغان حکام کو بھیجے گئے مراسلے کے مطابق ابتدائی طور پر کابل اور اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت ہوگی۔سی اے اے کے مطابق افغان ایئرلائن کی پروازوں کے شیڈول اور سلاٹ کا باقاعدہ اجازت نامہ جلد جاری کیا جائے گا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کے مطابق دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری کیلئے یہ بڑا اقدام ہوگا، افغانستان کی قومی ایئرلائن نے پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کی درخواست دی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز قبل افغان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھاتھا۔ خط میں افغانستان نے سفارتکاروں کیلئے ہفتہ وار دو پروازیں چلانے کی اجازت مانگی گئی تھی۔ آریانہ ایئرلائن کی پروازیں کابل اور اسلام آباد کے درمیان چلانے کی درخواست کی گئی تھی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اجازت سے دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، فلائٹ آپریشن کے بعد کورونا ایس اوپیز کا خصوصی خیال رکھنا ہوگا۔دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں کی منسوخی کے معاملے پر غیر ملکی ائیرلائنز کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کو ریلیف نہ دینے پر ائیرلائنز پر جرمانہ اور فلائٹ شیڈول معطل کیا جاسکتا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان آنے والی غیر ملکی ائیرلائنز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پروازوں کی منسوخی کا نوٹس لیا اور 5 غیر ملکی ائیرلائنز قطر ،ایمریٹس، اتحاد، فلائی دبئی اور ترک ائیر کو خط لکھ دیا ہے۔ خط میں سی اے اے کے شعبہ ایئرٹرانسپورٹ نے ائیر لائنزسے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی ائیرلائنز فلائٹس منسوخی کے باعث عوامی شکایت کا ازالہ کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں