ہم اقتدار میں آکر ہر ظلم کا حساب لیں گے،وہ دن دور نہیں جب فواد چودھری جیسے لوگ معافی کی درخواستیں کریں گے

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے فواد چودھری کے ٹوئیٹ اور شہباز گل کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری اور شہبا گل کی نوکری ہی جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنا ہے مگر دو ٹکے کے لوگ جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا گذشتہ 33سال سے میڈیا ٹرائل جاری ہے مگر صدر آصف علی زرداری پر جھوٹے الزامات لگانے والوں کو ہمیشہ شرمندگی اٹھانا پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری گیارہ سال قید میں رہے۔ ان کے مخالفین گیارہ مہینے کی بھی جیل برداشت نہیں کر سکے۔ عمران خان جیسا بزدل تو گیارہ دن بھی جیل برداشت کرنے کے قابل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول قیمتوں کا تعین عمران نیازی کا فرنٹ مین کر رہا ہے۔ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے بنی گالہ کے سلطان کا پیٹ بھرا جا رہا ہے۔ ہر کرپشن اور بدعنوانی کے کھرے عمران خان کے محل کی طر ف جا رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے بہت ظلم برداشت کیا ہے، جھوٹ الزامات پر مبنی احتساب کا سامنا بھی کیا ہے۔ ہم اقتدار میں آکر ہر ظلم کا حساب لیں گے۔ وہ دن دور نہیں جب فواد چودھری جیسے لوگ معافی کی درخواستیں کریں گے۔ #/s#

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close