لاہور(پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء نبیل گبول نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کا موضوع ختم ہوگیا، اگلا سال الیکشن تیاری کا ہے، عام انتخابات مارچ 2023ء میں متوقع ہیں، الیکشن میں ڈیڑھ سال رہ گیا ہے، پیپلزپارٹی کو پنجاب میں پہلے کی طرح مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر وفاق میں حکومت بنانی ہے تو پنجاب میں پیپلزپارٹی کو مضبوط بنانا ہوگا، پنجاب میں پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی کی جائے گی کیونکہ پی پی کمزور ہے۔محنتی اور عوام میں مقبول ترین لیڈرشپ کو آگے لایا جائے گا۔پیپلزپارٹی کی کوشش ہے کہ پیپلزپارٹی کو پنجاب میں پہلے کی طرح مضبوط کیا جائے۔اس حوالے سے منظور وٹو سے بھی بات ہوئی ہے، جنوبی پنجاب کے الیکٹیبلز سے بات ہوئی ہے، چودھری برادران سے بھی بات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت گرانے کا موضوع پرانا ہوگیا، ہم سمجھتے ہیں اگلا سال الیکشن کی تیاری کا سال ہے ، کیونکہ 2022 میں الیکشن مہم شروع ہوجائے گی، مارچ 2023ء میں الیکشن متوقع ہیں، اس لیے الیکشن میں ڈیڑھ سال رہ گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2023 کے انتخابات میں ہمارا مقابلہ تحریک انصاف سے نہیں بلکہ ن لیگ سے ہو گا، آزاد کشمیر الیکشن میں ن لیگ کا ہمیشہ کیلئے صفایا کر دیں گے، تحریک انصاف حکومت اپنی بُری کارکردگی کی وجہ سے آئندہ انتخابات میں ناکام ہو گی، یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنی حکمت عملی ن لیگ کو ذہن میں رکھ کر تیار کی ہے۔ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں ن لیگ کو ٹف ٹائم دے گی۔ن لیگ اور جے یو آئی کے ساتھ دوبارہ بیٹھنے یا نہ بیٹھنے کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی نے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں